سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ شوپیان اور دوسرے مقامات پر کیا گیا قتل عام کشمیر میں جاری سرکاری تشدد کا ایک اور اعلان ہے۔ ہمارے نونہالوںکو انتہائی بے دردی کے ساتھ کچل رہا ہے لیکن ہند نواز سیاست کاروں اور ان لوگوں کہ جو اس قتل عام اور نسل کشی میں معاونت اور احکامات صادر کررہے ہیں کو ذہن نشین رکھ لینا چاہئے کہ قانون فطرت کے مطابق انہیں مکافات سے دورچار ہوکر اپنے ان جرائم کا حساب چکانا ہی پڑے گا۔ یاسین ملک نے کہا کہ آج ایک بار پھر فوج ،فورسز اور پولیس نے ہمارے معصوم بچوں کے خون کی ہولی کھیلی ہے جس سے ہمارے دل چھلنی اور روح مضمحل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارے چار بچوں جن میں عادل احمد جسے پولیس کی گاڑی کے نیچے لاکر کچل دیا گیا ، شوکت احمد ٹاک اور فیاض احمد حمال شامل ہیں کا لہو سوکھا بھی نہیں تھا کہ مزید گیارہ نونہالوں جن میں نہتے آصف احمد میر،سجاد احمد راتھر، زبیر احمد ،یاسر احمد،عادل بشیر،نثار احمد کے ساتھ ساتھ جیالے صدام حسین پڈر، بلال احمد مولوی، توصیف احمد شیخ، عادل احمد اور پروفیسر شہید محمد رفیع بٹ جو محض تین روز قبل ہی اپنے گھر سے نکلے تھے اور آج جان بحق ہونیکی دلدوز خبریں موصول ہورہی ہیں اور کشمیریوں کے دلوں کو تار تار کررہی ہیں۔محبوس فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ ہمارے نونہالوںپر پہلے ہر قسم کی سیاسی مکانیت مسدود کردی جاتی ہے اور بعدازاں انہیںسفاکیت اور بے دردی کے ساتھ تہہ تیغ کیا جارہا ہے اور وہ بے ضمیر جو اقتدار کیلئے کسی بھی حد سے گزرسکتے ہیں اس قتل عام اور نسل کشی پر چنداں مضطرب یا متفکر نظر نہیں آتے نا ہی انہیں اس صورت حال پرکسی بھی قسم کا غم یا ملال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو کہ بے یارو مددگار ، بے ریاست اور دبائے ہوئے لوگ ہیں کو اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھانے پر مجبور کیا جارہا ہے، ہمارے والدین کو اپنے بچوں کے جنازوں کو کاندھا دینا پڑرہا ہے جبکہ ہماری مائوں بہنوں کو اپنے لخت جگروں کی کٹی پھٹی لاشوں پر ماتم کرنا پڑرہا ہے لیکن ظالم و جابر حکمرانوں اور انکی فوج و پولیس کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ فرعون سے لیکر ہٹلر تک سبھی ظالموں کو اپنے ظلم و جبر کے لگائے ہوئے پودوں کا پھل چکھنا ہی پڑا تھا اور وہ وقت بھی دور نہیں ہے کہ جب بھارت اور اسکے حامیوں کو بھی اپنے ظلم و جبر کا حساب چکانا پڑے گا اور مکافات عمل کے ابدی قانون کا سامنا کرتے ہوئے انسانوں کے خلاف جرائم کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ یاسین ملک نے کہا کہ ملت کشمیر اپنے ان شہداء کی مقروض و مامون ہے کہ جو اپنے آج کو ہمارے بہتر کل کیلئے قربان کررہے ہیں۔