رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں مسلسل خشک سالی کے باعث کسانوں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ بارش نہ ہونے کی وجہ سے گندم اور سرسوں کی فصلیں شدید متاثر ہو چکی ہیں، جبکہ شہری و دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کا بھی بحران پیدا ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ رواں موسم سرما میں صرف دو بار ہی نوشہرہ میں معمولی بارش ہوئی تھی، پہلی بار 27 دسمبر کو اور دوسری بار 9 جنوری کو بارش ہوئی تھی۔ انہی بارشوں کے بعد کسانوں نے گیہوں اور سرسوں کی فصلوں کی بوائی کی تھی، لیکن اس کے بعد سے اب تک بارش نہ ہونے کی وجہ سے یہ فصلیں شدید نقصان کا شکار ہو چکی ہیں۔کسان طبقہ سخت پریشان اور مایوس ہے کیونکہ اگر آئندہ ایک یا دو ہفتوں تک بارش نہ ہوئی تو گندم کی فصل مکمل طور پر خشک ہو جائے گی، جس سے نہ صرف کسانوں کی روزی روٹی متاثر ہوگی بلکہ ان کے مویشیوں کے لئے بھی چارہ دستیاب نہیں رہے گا۔بارش نہ ہونے کی وجہ سے شہر اور گاؤں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ ندی نالے خشک ہو چکے ہیں، اور عوام کو اس شدید سردی میں بھی پانی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو آنے والی گرمیوں میں یہ بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس سے انسانی زندگی مزید مشکلات کا شکار ہو جائے گی۔عوام اور کسانوں نے حکومت اور متعلقہ محکمہ جات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور خشک سالی سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ اگر پانی کے ذخائر کا مناسب بندوبست نہ کیا گیا اور کسانوں کو امداد فراہم نہ کی گئی، تو آنے والے دنوں میں صورتحال مزید تشویشناک ہو سکتی ہے۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں پینے کے صاف پانی کا بندوبست ترجیح بنیادوں پر کیاجائے تاکہ عام لوگوں کو دقتیں کم ہو سکیں ۔