عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے 28 فروری تک جموں و کشمیر دونوں ڈویژنوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں جموں و کشمیر کے اونچے علاقوں میں ہلکی سے اعتدال پسند بارش اور برف باری ہوئی، جب کہ اس دوران الگ تھلگ بلندی پر بھاری برف باری ہوئی۔انہوں نے کہا کہ 28 فروری تک کشمیر اور جموں دونوں ڈویژنوں میں الگ تھلگ جگہوں پر بھاری بارش اور برفباری کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا۔1 سے 2 مارچ تک، موسم کی صورتحال عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور کچھ جگہوں پر ہلکی بارش اور برفباری ہوگی۔ جبکہ 3 مارچ کو جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ 4-6 مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہے گا۔حکام نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر سادھنا پاس، رازدھن پاس، سونمرگ-زوجیلا-گمری ، مغل روڈ، سنتھن پاس اور جموں و کشمیر کے پہاڑی اضلاع کی دیگر بڑی سڑکوں پر سطحی نقل و حمل میں عارضی رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔موسمیاتی مرکز کے مطابق منگل کی شا م سے بدھ صبح ساڑھے 8بجے تک سرینگر میں7.8 ملی میٹر،قاضی گنڈ 12.2 ملی میٹر، پہلگام 20.8 ملی میٹر،کپواڑہ20.3 ملی میٹر (1.5 سینٹی میٹر برف)،کوکرناگ 6.4 ملی میٹر،گلمرگ33.0 ملی میٹر (33.0 سینٹی میٹر برف)،سرینگر ہوائی اڈہ 4.8 ملی میٹر،اونتی پورہ 1.6 ملی میٹر،اننت ناگ 3.0 ملی میٹر،لارنو 4.5 ملی میٹر،پلوامہ 1.0 ملی میٹر،ترال1.0 ملی میٹر،بڈگام9.0 ملی میٹر،گاندربل13.5 ملی میٹر،بارہمولہ19.5 ملی میٹر،سوپور32.0 ملی میٹر،بانڈی پورہ 26.5 ملی میٹر،شوپیان12.0 ملی میٹر،کولگام 9.5 ملی میٹر،وولر 27.0 ملی میٹر،بٹکوٹ 4.5 ملی میٹر،ددرہامہ 12.0 ملی میٹر،ویری ناگ 8.2 ملی میٹر،چرارِ شریف5.4 ملی میٹر،ٹنگمرگ 22.2 ملی میٹر،نوگام ہندواڑہ 36.4 ملی میٹر،لولاب 25.6 ملی میٹر اوربمہامہ کپواڑہ 24.8 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی ۔گلمرگ میں برفانی تودے گرنے کے اندیشے کے پیش نظر گنڈولہ کو منگل کے روز برفباری کے درمیان بند کردیا گیا۔
کنگن
غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، زوجیلا، منی مرگ، دراس اور کرگل میں برفباری جبکہ کلن، گنڈ ،کنگن اورگاندربل میں بارشیں ہوئیں۔ سرینگر لداخ شاہراہ عارضی طور پر ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کرگل کے دراس ،مٹائین، پاندراس، منی مرگ ،گمری اور کرگل میں بھاری برفباری ہوئی جبکہ سونہ مرگ، زوجیلا اورگگن گیر میں بھی منگل سے برفباری اور بارشیں جاری ہے۔کرگل میں 10 انچ، دراس ڈیڑھ فٹ اور زوجیلا میں2فٹ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ سونمرگ 10 انچ اورگگن گیر میں3 انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ کنگن ،گنڈ اورگاندربل میں بارشیں ہوتی رہیں۔
کپوارہ
اشرف چراغ شمالی ضلع کپوارہ میں خشک سالی کا زور ٹوٹ گیا اور ضلع میں منگل دوپہر سے بارشو ں کا سلسلہ شروع ہو ا جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ۔برف باری کے نتیجے میںمیلیال کیرن سڑک کو منگل کی دوپہر گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بند کر دیا گیا جبکہ چوکی بل کرنا ہ سڑک کو بھی رات دیر گئے بند کر دیا گیا ۔ گزشتہ دو روز سے ضلع کے بالائی علاقوں میں جم کر برف باری ہوئی جس کی وجہ سے سر حدی علاقوں جن میں مژھل ،کیرن ،جمہ گنڈ اور بڈنمل کی سڑکیں گا ڑیو ںکی آمد و رفت کے لئے بند ہو گئیں ۔ کرناہ کے نستہ ژھن گلی (سادھناٹاپ)پر 1فٹ ،کیرن ڈیڑھ فٹ اورمژھل کی زیڈ گلی میں ڈیڑھ فٹ جبکہ بڈنمل میں ایک فٹ سے زائد برف ریکارڈ کی گئی ۔ضلع کے میدانی علاقوں میں بھی 3سے4انچ برف جمع ہوئی ہے۔