اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں طوفانی بارشوں سے بجلی کے ترسیلی نظام کو بھاری نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں دیہات چھٹے روز بھی گھپ اندھیرے میں رہے۔محکمہ کے اعدادوشمار کے مطابق سیلاب سے ضلع میں 15کے قریب ٹرانسفارمر و درجنوں پول بہہ گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق بجلی کے 33کے وی و دیگر ترسیلی نظام کو سیلاب و شدید بارشوں سے پہنچے بھاری نقصان پر سب ڈویژن گندوہ، ٹھاٹھری و بھدرواہ کے مضافات میں 4روز بعد بجلی بحال کی گئی تاہم ابھی بھی درجنوں دیہات بجلی سے محروم ہیں۔ ادھر اتوار کو بجلی کے 33کے وی میں دوبارہ خرابی آ گئی جس کے نتیجے میں پریم نگر، ٹھاٹھری، کاہرہ ،چلی پنگل و گندوہ چنگا میں بجلی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔اے ای بجلی گندوہ معراج میر نے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تباہ کن سیلاب سے بجلی نظام کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہاکہ سب ڈویژن گندوہ میں 11ٹرانسفارمر و درجنوں کھمبے اور کئی کلومیٹر تاربہہ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 70فیصد علاقوں میں بجلی بحال کی گئی ہے۔ادھر ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی ڈوڈہ رؤف احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا بجلی عملہ دن رات بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارشوں و سیلاب سے بجلی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور ضلع میں 15کے قریب ٹرانسفارمر و درجنوں کھمبے سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں جس میں سب سے زیادہ گندوہ علاقہ متاثر ہوا ہے۔