عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل//سکول آف بزنس اسٹڈیز (ایس بی ایس)، سینٹرل یونیورسٹی کشمیر نے کل “عالمی یومِ صنعت کاری” منایا جس میں “آئیڈیا پچنگ، بزنس پلان مقابلہ اور ماہرین کے پینل ڈسکشن” کا انعقاد کیا گیا۔ڈین ایس بی ایس، پروفیسر فیاض احمد نیکا، ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف مینجمنٹ سٹڈیز، پروفیسر عبدالغنی، ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف کامرس، ڈاکٹر معراج الدین شاہ، سی ای او، فاسٹ بیٹل، شیخ سمیع اللہ، بانی، ای فروٹ منڈی، محکمہ سیاحت کے کوآرڈینیٹر عبیر شاہ، ڈاکٹر اسحاق حسین نجار، فیکلٹی ممبران اور طلباء موجود تھے۔پروفیسر فیاض احمد نیکا نے کہا کہ صنعت کاری کو فروغ دینا حکومت ہند کی ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے کہا، “مرکزی حکومت نے اسٹارٹ اپ انڈیا، اٹل انوویشن مشن، میک ان انڈیا، اسکل ڈیولپمنٹ پروگرامز اور دیگر متعلقہ منصوبے شروع کیے ہیں تاکہ ایک ایسا ماحولیاتی نظام بنایا جا سکے جو اسٹارٹ اپس اور کاروباری افراد کو سپورٹ کرے۔پروفیسر عبدالغنی نے کہا کہ “یہ کامیاب افراد نہ صرف اپنی زندگی بدلتے ہیں، بلکہ دوسروں کے لیے بھی ایک رول ماڈل بن جاتے ہیں جو اپنے کیریئر کے طور پر انٹرپرینیورشپ کو اپنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ڈاکٹر معراج الدین شاہ نے کہا’’وادی میں کاروباری اداروں کو قائم کرنے میں کچھ رکاوٹیں ہیں، لیکن طلباء کو چیلنجوں کو مواقع میں تبدیل کرنا ہوگا تاکہ وہ اپنے لیے ایک جگہ بنائیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔بزنس پلان کے مقابلے میں زینت نے پہلا اور ساجد اور بشریٰ نے دوسرا انعام حاصل کیا۔