ممبئی//عروس البلاد میں طلاق ثلاثہ بل کے خلاف اور تحفظ شریعت کے لیے سنیچر 31مارچ کو ہونے والے خواتین کے مظاہرہ کے لیے شہر میں تیاری کی سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ شب جنوبی ممبئی میں واقع اسلام جمخانہ مسلم علمائے کرام ،عمائدین ،سماجی اور دیگر شہریوں نے مطالبہ کیا کہ تین طلاق بل کو حکومت فوری طورپر واپس لے ،کیونکہ یہ شریعت محمدی ؐ میں کھلی مداخلت ہے ،جسے برداشت نہیں کیا جائیگاجبکہ مسلم خواتین کے حقوق پر جھوٹا پروپیگنڈہ بند کیا جائے ۔سیوا نامی تنظیم کے سربراہ اور سابق ایم ایل اے ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی کی سربراہی میں منعقد کیے مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا ،اس موقع پر یوسف ابراہانی نے کہا کہ 31مارچ کو آزاد میدان میں ہونے والی مسلم خواتین تحفظ شریعت ریلی کی تیاری میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جاری ہے ،اور حکومت کو یہ باور کرنا ہے کہ وہ غلط بیانی اور جھوٹے پروپیگنڈے سے باز رہے ۔کیونکہ ایک کروڑسے زائد خواتین نے ملک بھر کے بڑے شہروں میں سڑکوں پر نکل کر شریعت کے بچانے کا اعلان کیا ہے ۔مذکورہ میٹنگ میں انجمن اسلام کے صدرڈاکٹر ظہیر قاضی،مولانا مستقیم اعظمی،سابق ریاستی وزیر نسیم خان،سابق ایم ایل اے سہیل لوکھنڈوالا،سلیم الوارے ،مولانا اعجاز کشمیری ،مولانا خلیل الرحمن نوری ،امین پاریکھ ،مولانا محموددریابادی،مولانا وحافظ سیّد اطہر علی،اقبال میمن سیوا کے ڈائرکٹر محمد علی شیخ ودیگر نے شرکت کی اور تفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ تحفظ شریعت کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں اور تمام فرقوں اورمسالک کے عوام کو ساتھ لیکر چلا جائیگا۔گزشتہ روز شہر بھر میں بیداری مہم کا سلسلہ جاری رہا اور تحفظ شریعت کی ایک اہم ترین میٹنگ صحافی جاوید جمال الدین کی سربراہی میں حضرت محی الدین بھٹکلی شاہ بابا ؒ کے آستانہ کے احاطہ میں کیا۔