سرینگر//فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے طالب علموں کے خلاف حکومتی رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو قتل گاہوں میں تبدیل کیا جارہا ہے اور اُن کی نسل کشی کے لئے فوج اور پولیس کو کھلی چھوٹ دی جارہی ہے ۔اپنے ایک بیان میں شبیر احمد شاہ نے طلاب کو اس بات کا یقین دلایا کہ ان کے ساتھ روا رکھے جارہے سلوک کو اگر روکا نہ گیا تو ساری قوم ان کی پشت پر کھڑی ہوگی ۔انہوں نے طلباء کے خلاف گولیوں اور پیلٹ کے بے تحاشا استعمال پر ریاستی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ایجی ٹیشن کے دوران یہ لوگ تعلیمی اداروںکو کھولنے کے لئے اپنی ساری ریاستی مشینری کو بروئے کار لانے پر بضد تھے اور آج ان ہی اداروں میں فوج اور پولیس تعینات کرکے ان طالب علموں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے پولیس کاروائیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جن بچوں کے خلاف آپ لوگ طاقت کا بے تحاشا استعمال کررہے ہو، ان میں آپ کے اپنے بچے اور رشتے کے لوگ ہیں اور ان ہی کے ہاتھوں میں ہمارا مستقبل ہے جن سے آپ قلم دوات چھین رہے ہو۔