کپوارہ //وار پورہ ہتمولہ کے سرکاری مڈل سکول میں اس وقت والدین اور زیر تعلیم طلاب نے احتجاج کیا جب وہا ں ہیڈ ماسٹر کو محکمہ تعلیم کے آفیسران نے تبادلہ عمل میں لایا جس کی وجہ سے ل سکول کا تعلیمی نظام گزشتہ 3روز سے درہم برہم ہے جبکہ چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ نے فوری مداخلت کرتے ہوئے مذکورہ ہیڈ ماسٹر کو دوبارہ سکول میں تعینات کیا ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ وار پورہ کے سرکاری مڈل سکول کے ہیڈ ماسٹر علی محمد شاہ نے سکول میں تعینات صفائی کرمچاری کو سکول کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدایت دی کیونکہ بقول ہیڈ ماسٹر سکول میں تعینات صفائی کر مچاری نے کئی روز سے سکول کے کمروں کی صفائی عمل میں نہیں لائی تھی جس پر انہو ں نے انہیں ڈانٹا تاہم صفائی کرمچاری کی بیوی ،جو سکول میں کک ہے ،نے ہیڈ ماسٹر پر حملہ کیا جس کے بعد ہیڈ ماسٹر سکول چھوڑ کر چلاگیااور اپنا تبادلہ کر ایا ۔لوگو ں کا کہنا ہے ہیڈ ماسٹر کے تبادلے کے
بعد ہفتہ کو زیر تعلیم طلبہ اور والدین ہیڈ ماسٹر کے دفاع میں آگئے اور زور دار احتجاجی مظاہرے کئے جس کے نتیجے میں سکول کا تعلیمی نظام درہم برہم ہو گیا ۔والدین نے الزام لگایا کہ سکول میں تعینات اساتذہ نے سابق ہیڈ ماسٹر کے ساتھ ملکر دوپہر کے کھانے میں بھاری پیمانے پر ہیرا پھیری کی اور جب موجودہ ہیڈ ماسٹر نے اساتذہ سے دوپہر کے کھانے کی رقومات کا حساب مانگا تو سکول میں تعینات اساتذہ نے ان کے خلاف سازش رچائی ۔والدین کا کہنا ہے کہ جب تک نہ سکول میں تعینات عملہ کا تبادلہ عمل میں نہیں لایا جائے تب تک وہ احتجاج پر رہے گے ۔ لوگو ں کے مطابق جب سرکاری سکول وار پورہ ہتمولہ میں میں والدین اور زیر تعلیم نے ہیڈ ماسٹر کے تبادلے کے خلاف احتجاج کیا توچیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ فاروق احمد ڈار فوری طور وار پورہ کے سرکاری مڈل سکول پہنچ گئے اور وہا ں والدین سے میٹنگ کر کے تبدیل کئے گئے ہیڈ ماسٹر علی محمد شاہ کو دو بارہ وہا ں تعینات کیا اوروالدین اور طلبہ کو یقین دلایا کہ وہ ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جو دوپہر کے کھانے میں ہیرا پھیری کی تحقیقات کرے گی اور جوکوئی بھی اس میں ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ موجودہ اساتذہ کے تبادلے کے سلسلے میں بھی غور کریں گے ۔ فاروق احمد ڈار نے تصدیق کرتے ہوئے بتا یا کہ مذکورہ سکول کے ہیڈ ماسٹر کے تبادلے کے بعد والدین اور طلبہ سڑکو ں پر نکلےتاہم اب معاملہ حل ہوگیا ہے اورآج سے سکول کاکام کاج دو بارہ معمول کے مطابق شروع کیا جائے گا ۔