سرینگر//حریت (گ)، تحریک حریت،لبریشن فرنٹ،تحریک مزاحمت،لبریشن فرنٹ( آر )،لبریشن فرنٹ (ح)، سالویشن مومنٹ ،، اسلامک پولٹیکل پارٹی ،ڈی پی ایم ،پیپلز فریڈم لیگ اور ینگ مینز لیگ نے طفیل متو کو 8ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین کشمیر پچھلے 70برسوں سے معصوموں کے لہو سے لالہ زار بنائی جارہی ہے۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے طفیل متو سمیت 2010 میں جاں بحق کئے گئے سبھی جوانوںکوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین کشمیر پچھلے 70برسوں سے معصوموں کے لہو سے لالہ زار بنائی جارہی ہے۔انہوں نے 2010 کی عوامی تحریک کو فوجی طاقت سے دبانے اورنونہالوں کو خاک وخون میں ملانے کو بربریت اور سفاکیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے قصور اسکولی بچوں کو نشانہ بنا کر بھارتی فوج نے اپنی بہادری ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی۔ گیلانی نے کہا کہ 8سال کا طویل عرصہ گزرجانے کے باوجود یہ وردی پوش مجرم آزاد گھومتے پھرتے ہیں کیونکہ انہیں دلی کے حکمرانوں نے قانون اور آئین کی ایسی سپر فراہم کی ہے کہ وہ ایسی انسانیت سوز کارروائیوں میں روز بروز اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس قتل ناحق کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کارروائی کی گئی ہوتی تو شاید تب سے مزید بے گناہ اور معصوم ہلاکتوں میں ہوشربا اضافہ نہ ہوا ہوتا۔ گیلانی نے 2010 میں ان ہلاکتوں کے ذمہ دار فوجیوں اور اُس وقت کے حکمرانوںپر فردِ جرم عائد کرتے ہوئے کہا کہ جتنا ذمہ دار گولی چلانے والا ہے اس سے کہیں زیادہ ذمہ داری فوجی کو ایسا کرنے کا حکم صادر کرنے والوں پر ہوتی ہے۔ گیلانی کی ہدایت پر سید محمد شفیع، محمد شفیع لون اور امتیاز احمد شاہ پر مشتمل ایک وفدنے طفیل متو کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ طفیل متو کو 2010 میں فورسز نے ننگی جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے جاں بحق کیا۔ انہوں نے کہا کہ موصوف گھر سے اسکول کی طرف نکلا تھا کہ فورسز نے اس معصوم طالب علم کو گولیوں کا نشانہ بناکر جاں بحق کردیا۔ وہ کسی احتجاج کا حصہ نہیں تھا۔صحرائی کے مطابق اس کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ کشمیری مسلمان تھا۔ اسی کی سزا دے کر اس کو خون میں نہلایا گیا۔ انہوں نے کہا گزشتہ 8سال سے اس کے قتل میں ملوث اہلکاروں کو کوئی سزا نہیں دی گئی اور لواحقین کو ابھی تک انصاف فراہم نہیں ہوا کہ اُن کابیٹا کس جرم میں قتل کیا گیا۔ صحرائی صاحب کی ہدایت پر عمر عادل ڈار اور شفیق احمد پر مشتمل وفد نے طفیل متوکے گھر جاکر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔لبریشن فرنٹ کے زونل آرگنائزر بشیر احمد کشمیری نے مزار شہداء عیدگاہ جاکر ایک دعائیہ مجلس میں شرکت کی۔فرنٹ قائد نے طفیل متوکے ساتھ ساتھ جملہ شہدا کیلئے بلند درجات کی دعاکرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کسی بھی صورت میں رائیگان نہیںجانے دی جائیں گی اور ان کے مشن کو اسکی حقیقی منزل تک پہنچانے کی جدوجہد شدومد سے جاری رہے گی۔ تحریک مزاحمت کے جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر نے طفیل متو کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں اور ان قربانیوں کا عزت و وقار کا ہر حال میں خیال رکھیں۔ محمد سلیم زرگرنے پارٹی سے وابستہ شیخ مصعب اور ریاض احمد کے ہمراہ سعدہ کدل رعناواری جاکرطفیل متو کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔لبریشن فرنٹ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ، سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ،لبریشن فرنٹ (ح)چیئرمین جاوید احمد میر، اسلامک پولٹیکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش،غلام محمد میر،ڈی پی ایم جنرل سکریٹری خواجہ فردوس ،سالویشن مومنٹ لیڈر غازی جاویدبابا اور ینگ مینز لیگ چیئرمین نے بھی خراج عقیدت ادا کیا۔پیپلز فریڈم لیگ کے ایک وفد نے امتیاز احمد شاہ کی قیا دت میں طفیل متو کے گھر جا کراہل خانہ سے تعزیت کی۔