سرینگر//بنیادی طبی سہولیات اور تعلیمی نظام میں بہتر ی کو اپنی ترجیحات قرار دیتے ہوئے تصدق حسین مفتی نے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ مریضوں اور طالب علموں کو ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔وزیر اعلیٰ شکایتی سیل کے کواڈنیٹر تصدق مفتی نے کل ان باتوں کا اظہار ہسپتال برائے امراض سینہ ، کشمیر نرسنگ ہوم اور کرگل بوائز ہوسٹل بمنہ کے دورے کے دوران کیا۔طبی اداروں کے دورے کے دوران انہوںنے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اداروں کے عملے اور وہاں داخل مریضوں کے ساتھ خیالات کا تبادلہ بھی کیا۔ان اداروں میں صفائی کی ابتر صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تصدق مفتی نے کہا کہ صفائی ستھرائی بہتر صحت کے لئے لازمی ہے اور اس معاملے میںکسی بھی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان ادارو ں میں خواتین کے لئے مخصوص غسلخانوں کی حالت بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے انہوںنے ان اداروں میں اضافی غسلخانے تعمیر کرنے کی ہدایت دی۔تبادلہ خیال کے دوران مریضوں اورعملے نے اپنے خدشات ان کے سامنے رکھیں۔تصدق مفتی نے یقین دلایاکہ یہ معاملات معقول ایوانوں میں اٹھائے جائیں گے۔انہوںنے عملے کو ہدایت دی کہ وہ انسانی بنیادوں پر اپنے فرائض انجا م دیں۔کرگل بوائز ہوسٹل بمنہ کے دورے کے دوران تصدق مفتی نے طالب علموں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔طالب علموں نے ہوسٹل میں کھیل سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تصدق مفتی کی مداخلت طلب کی جس کے لئے تصدق مفتی نے انہیں موزون کارروائی کا یقین دلایا۔