سرینگر//3 روز سے لاپتہ شادی شدہ خاتون کی نعش پُراسرار طور پرنالہ گنگ بُگ سے برآمد کی گئی ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے خاتون کی موت کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقاتی عمل شروع کردیا۔اس دوران مذکورہ خاتون کے لواحقین اور رشتہ داروں نے نوگام میں احتجاجی دھر نا دیا اور مانگ کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ منگل کی صبح پولیس اسٹیشن شیر گڑھی کو اس بات کی اطلاع موصول ہوئی کہ گنگہ بگ نالے میں ایک لاش دیکھی گئی ہے۔ پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر علاقے میں روانہ ہوئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لیا ۔بعد میں اس کی شناخت سمیہ اختر زوجہ جاوید احمد بٹ ساکن باغات برزلہ کے بطور ہوئی۔مذکورہ خاتون رواں ماہ کی9تاریخ کو پر اسرار طور لاپتہ ہوئی تھی اور اس کی گمشدگی سے متعلق رپورٹ بھی پولیس میں درج کرائی گئی تھی۔طبی اور قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعدجب خاتون کی لاش اس کے لواحقین کے سپرد کی گئی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا گیا ہے اور مزید چھان بین جاری ہے۔ اس دورانمذکورہ خاتون کے لواحقین اور رشتہ داروں نے نوگام میں احتجاجی دھر نا دیا اور مانگ کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائے ۔احتجاج میں شامل مر د و زن نے سمیہ کی موت کو تحقیقات طلب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس معاملے کی نسبت غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے اور حقائق کو منظر عام پر لائے۔انہوں نے الزام لگایا کہ خاتون کو خاتون کا قتل کیا گیا ہے اور مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے۔