شوپیان//امام صاحب شوپیان میں ایک طالب علم کی گرفتاری کے بعد تشدد بھڑک اُٹھا اور مظاہرین کی پولیس کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس پارٹی نے امام صاحب علاقے میںپیر کی صبح معمول کی چیکنگ کے دوران ایک طالب علم کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا۔طالب علم کی گرفتاری کے خلاف نوجوانوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔پولیس نے جب مداخلت کرنے کی کوشش کی تو نوجوان مشتعل ہوئے اور انہوں نے پولیس پر پتھرائو شروع کیا ۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور اشک آور گیس کے گولے داغے ،تاہم پر تشدد احتجاج جاری رہا۔صورتحال کی نذاکت کو دیکھتے ہوئے گرفتار طالب علم کی رہائی عمل میں لائی گئی جس کے فوراً بعد حالات معمول پر آگئے۔