گندو//گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول کلہوتران میں RMSAاسکیم کے تحت طالبات کے لئے ایک کیئر رکونسلنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ماہرین نے اسکول میں زیرِ تعلیم طالبات کو بتایا کہ کون سے کورسز اور امتحانات کی کیا اہمیت ہے اور کس طرح سے وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکتی ہیں ۔ پرنسپل ڈگری کالج کلہوتران ایس پی سرسوت کی صدارت میں منعقدہ اس پروگرام میں ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیربطورِ مہمانِ خصوصی اور سابق ریاستی وزیر محمد شریف نیاز بطورِ مہمانِ اعزازی موجود تھے جب کہ ماسٹر جماعت علی آگاہ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔پروگرام میں گورنمنٹ ڈگری کالج کلہوتران،گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول کلہوتران اور دیگر مضافاتی اسکولوں میں زیرِ تعلیم800سے زائد طالبات نے شرکت کی جب کہ سینکروں طلباء بھی پروگرام میں موجود تھے۔جن ماہرین نے اس موقع پر طالبات سے خطاب کیا اُن میںاسکول کے پرنسپل ابھینائو بھٹ، بی ایم او گندو ڈاکٹر محبوب احمد خان،بی ڈی او گندو پرویز احمد نیائک،کیپٹن4RRگندو آر ایس پوار،ایس ڈی پی او گندو سنی گپتا اور اسسٹنٹ کمانڈنٹ ایس ایس بی گندو رویندر کمار شامل ہیں۔ مقررین نے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کا امتحان پاس کرنے ،اس میں داخلہ حاصل کرنے اور اس میں دی جانے والی تعلیم و تربیت اور طریقۂ کار کی تفصیل بیان کی اور فوج میں بطورِ آفیسر شامل ہونے کے لئے دیگر کورسز اور امتحانات ، ایڈمنسٹریٹیو سروس ،مختلف قسم کے ملکی و ریاستی سطح کے مسابقاتی امتحانات اور کورسز کے بارے میں جانکاری فراہم کی نیز طالبات کو کامیابی کے گر بھی سمجھائے۔اس سے قبل محبوب اقبال بٹ نے استقبالیہ خطبہ دیا جب کہ پروگرام کے آخر پر اسکول کے پرنسپل نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔