سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں طالبات کو ایک منفرد مقام حاصل ہے ۔ امیرا کدل سرینگر میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول کی سالانہ دن تقریب پر مہمان خصوصی کی حثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ طالبات کی ضروریات سے پوری طرح واقف ہیں اور اپنی حکومت کے دورانیہ کے دوران وہ طالبات کی بہبودی کیلئے مختلف ترقیاتی پروگرام عملا رہی ہیں ۔ اس تقریب میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ ، ناظمِ تعلیم ڈاکٹر جی این ایتو ، چئیر مین بوس وینا پنڈتا کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ وزیر نے سکول فنڈ کیلئے 15 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا تا کہ آڈیٹوریم تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ لیبارٹری کو بھی بڑھاوا دیا جا سکے ۔ اس موقعہ پر ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے جن کی وزیر تعلیم نے کافی سراہنا کی ۔ انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے تمام گروپوں کو 5 ہزار روپے دینے کا بھی اعلان کیا ۔ تقریب سے سیکرٹری تعلیم ، ناظم تعلیم ، چئیر مین بوس نے بھی خطاب کیا ۔ بعد میں سید الطاف احمد بخاری نے اُن طالبات میں مومنٹوز اور اسناد تقسیم کیں جنہوں نے تعلیم کے شعبے اور غیر نصابی سرگرمیوں میں قابلِ فخر پوزیشن حاصل کی ہے ۔