سرینگر// تحریک حریت کے ذمہ داروں راجہ معراج الدین، حافظ بشیر احمد فاروقی، معراج الدین ربانی، محمد یوسف مکرو، فیاض احمد داس، مظفر احمد، مدثر ندوی، رمیز راجہ نے آرونی بجبہاڑہ، مُجہ گنڈ، پہرہ بل گاندربل، سرہامہ کھرم، ہٹی گام اور برزلہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران اور بھارت نواز سیاست دانوں نے جموں وکشمیر کو میدانِ جنگ میں تبدیل کردیا ہے اور جموں کشمیر کے عوام کو جنگی مجرموں کی طرح ہانکا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ چھاپوں، تلاشیوں، محاصروں، توڑ پھوڑ اور گرفتاریوں کا سلسلہ گزشتہ 9ماہ سے برابر جاری ہے اور پوری وادی کرب وبلا کا منظر پیش کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ضمنی انتخابات کا بگل بجتے ہی پھر حکومتی سرپرستی میں پولیس نے جبروزیادتیوں، چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی صورت میں ضمنی پارلیمانی یا پنچایت الیکشنوں میں حصہ نہ لیں، بلکہ پوری طرح بائیکاٹ کریں۔ راجہ معراج الدین نے آرونی میں ایک احتجاجی جلوس کی بھی قیادت کی اورلوگوں سے آنے والے ضمنی پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔