سرینگر//کشمیر تحریک خواتین نے عوام سے الیکشن بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے اور معصوم لوگوں سے امن کی بھیک مانگنے والی سرکار یہ بتائے کہ کیا امن قائم کرنا حکومت ہند کی ذمہ داری ہے یا نہتے عوام کی؟ ۔پارٹی سربراہ زمرودہ حبیب نے دیگر اراکین کے ہمراہ اسلام آباد میں الیکشن بائیکاٹ مہم جاری رکھتے ہوئے کہا ’’ امن کی بھیک مانگنے سے یہ باور کیا جا رہا ہے کہ کشمیری ایک جنگجو قوم ہے اور ہرکشمیری بندوق لے کرامن سکون ،ترقی و خوشحالی کے خلاف ہے‘‘ ۔مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈاراورینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی اورطہور صدیقی نے سرینگر کے مختلف علاقوں ،لالچوک، آبی گذر اوربرزلہ میں الیکشن بائیکاٹ مہم کا آغاز کیا۔ موصولہ بیان کے مطابق اس موقع پرانہوںنے عوام سے اپیل کی وہ الیکشن سے دور رہیں ۔بیان کے مطابق انہوں نے الیکشن کے مضر اثرات سے عوام کو آگاہ کیا۔اس موقع پرانہوں نے عوام میں الیکشن بائیکاٹ پوسٹر تقسیم کئے۔