اننت ناگ// سرینگر کے بعد پارلیمانی نشست اننت ناگ میں بھی انتخابی بساط سج گئی ہے۔بدھ کوپی ڈی پی کی طرف سے نامزد امیدوار تصدق مفتی اوراین سی کانگریس کے مشترکہ امیدوارغلام احمد میرنے ریٹائرننگ افسر کے دفتر میں کاغذات نامزدگی داخل کئے۔اننت ناگ پارلیمانی حلقے میں12اپریل کو ضمنی انتخابات ہونگے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر پی ڈی پی کارکنوں اور حامیوں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی جو پی ڈی پی اور تصدق مفتی کے حق میں نعرہ بازی کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر تصدق مفتی کے ہمراہ پارٹی کے سنیئر لیڈر مظفر حسین بیگ، محمد سرتاج مدنی، دیہی ترقی کے وزیر عبدالرحمان ویری، اوقاف کے وزیر فاروق اندرابی، راجیہ سبھا کے ممبر نذیر احمد لاوے،ڈاکٹر محبوب بیگ،، قانون ساریہ کے ممبرعبدالرحیم راتھر، اعجاز احمد میر،یاسر ریشی کے علاوہ محمد رفیع میر اور سجاد مفتی بھی موجود تھے۔ کانگریس امیدوار اور ریاستی صدر غلام احمد میر نے بھی بدھ کے روز کاغذات نامزدگی داخل کئے۔اس موقعہ پر میر کے ورکر اور حمایتی نعرے بازی کررہے تھے۔غلام احمد میر کے ہمراہ سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کار گزار صدر عمر عبداللہ، کانگریس کی مرکزی جنرل سیکریٹری اور امور کشمیر انچارج امبیکا سونی، طارق حمید قرہ،سکینہ ا یتو،کانگریس کے سابق صدر پیرزادہ محمد سعید سمیت دیگر لیڈراں بھی موجود تھے۔