سرینگر//ریاستی سرکار نے مرکزی وزارت داخلہ سے ضمنی انتخابات کیلئے نیم فوجی دستوں کی250اضافی کمپنیاں ہنگامی بنیادوں پروادی بھیجنے کی درخواست کی ہے جبکہ ریاست کو دستیاب جموں کشمیر آرمڈ پولیس کی 41 کمپنیوں کو متحرک کرکے ان میں سے26کمپنیوں کو دونوں حلقوں میںانتخابی جلسوں، امیدواروں،سیاسی کارکنوں اور دیگر الیکشن سرگرمیوں کی حفاظت پر مامور کردیا گیا ہے۔ سرینگر اور اننت ناگ کی دو پارلیمانی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری ہونے کے فوراً بعد ریاستی محکمہ داخلہ نے پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ صلاح و مشوروں کا آغاز کیا تاکہ انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ریاست میں پہلے سے دستیاب سیکورٹی وسائل کے علاوہ انتخابات کو احسن طریقے سے انجام دینے کےلئے نیم فوجی دستوں کے اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور اس کےلئے مرکز سے باضابطہ درخواست کی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے پر عمل کرتے ہوئے ریاست کے متعلقہ حکام نے مرکزی وزارت داخلہ کو اس بات سے آگاہ کیا کہ سرینگر اور اننت ناگ کی پارلیمانی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کی پر سکون طور انجام دہی کےلئے نیم فوجی دستوں کی 250اضافی کمپنیاں وادی روانہ کرنے کا بندوبست کیا جائے۔ریاستی داخلہ محکمہ کے ایک ذمہ دار آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا” ہم نے ہنگامی بنیادوں پر نیم فوجی دستوں کی250اضافی کمپنیوں کی درخواست کی ہے،اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ سے باضابطہ طور رجوع کیا گیا ہے، ہمیں مرکز کے جواب کا انتظار ہے َ ریاست میں پہلے سے تعینات جموں کشمیر آرمڈ پولیس کی کم وبیش 41کمپنیوں کو متحرک کردیا گیا ہے۔