ڈوڈہ//ملک دشمن سرگرمیوں کے الزامات میں گرفتار ملزمان کو سی جے ایم ڈوڈہ کی طرف سے دی گئی ضمانت کے خلاف سرکار کی طرف سے دائر اپیل کو ضلع عدالت نے خارج کر دیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے اعجاز احمد، شمس دین، عبدالطیف ساکنان بگلہ گندنہ ضلع ڈوڈہ کو 22اکتوبر 2014 کو عبوری ضمانت اور پھر 4 نومبر 2016 کو مکمل ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا ۔ تاہم سرکار نے ضمانت دئیے جانے کے فیصلہ کے خلاف ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت ڈوڈہ میں اپیل دائر کی تھی تاہم ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈوڈہ مدن لال نے خارج کرتے ہوئے CJM عدالت ڈوڈہ سے ملزمان کو ملنے والے ضمانت برقرار رکھی ہے۔وکیل صفائی ایڈوکیٹ شیراز اسلم بٹ کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے معزز عدالت نے نظر ثانی کے لئے ضمانت کو چیلینج کرنے والی درخواست کو خارج کردیا۔ فاضل جج نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ مقدمہ کی سماعت اور ضمانت دو مختلف عمل ہیں ایسے میں ضمانت کے لئے عدالت کی کوئی حد مقرر نہ ہے اور CJM ڈوڈہ کی طرف سے معاملہ زیر بحث میں دی گئی ضمانت قانونی طور درست ہے۔فاضل جج کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل ہو چکی ہے اس لئے وہ ضمانت کے حقدار ہیں۔