عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// دہلی کی ایک عدالت نے ممبر پارلیمنٹ بارہمولہ انجینئر رشید کی ضمانتی درخواست پر سماعت کو ملتوی کردیا جس کے فوراً بعد انجینئر رشید نے تہاڑ جیل حکام کے سامنے خود سپردگی کی۔عدالت نے کہا کہ ان کا مقدمہ ایک خصوصی عدالت میں جا سکتا ہے کیونکہ اب وہ رکن پارلیمنٹ ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ، جنہوں نے مبینہ طور پر دہشت گردی کی مالی معاونت کے مقدمے میں ضمانت کا حکم محفوظ کر رکھا تھا، اس بات پر زور دیا کہ وہ پہلے دائرہ اختیار کے معاملے پر غور کریں گے اور آیا اس کیس کو خصوصی عدالت میں منتقل کیا جاسکتا ہے یا نہیں، کیونکہ رشید اب ایک ایم پی ہیں اور قانون سازوں کیلئے خصوصی ٹرائل کیا جاسکتا ہے۔جج 13 نومبر کو دائرہ اختیار کے معاملے پر غور کریں گے جبکہ حکم 19 نومبر کو دیا جائیگا ۔عدالت نے کہا، “چونکہ ہم دائرہ اختیار کے معاملے پر غور کر رہے ہیں کہ آیا اس معاملے کی سماعت یہ عدالت کرے گی یا نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)کی نامزد عدالت۔اس دوران رشید نے اپنی عبوری ضمانت کی مدت پوری ہونے کے بعد پیر کو تہاڑ جیل حکام کے سامنے خودسپردگی کی۔10 ستمبر کو، عدالت نے انجینئر رشید کو جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کی مہم چلانے کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی اور ان کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر حکم کو موخر کر دیا تھا۔رشید کی عبوری ضمانت قبل ازیں 28 اکتوبر تک اس کے والد کی خراب صحت کی بنیاد پر اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی طرف سے درخواست کی مخالفت نہ کرنے کے بعد بڑھا دی گئی تھی۔نومنتخب رکن پارلیمنٹ 2019 سے تہاڑ جیل میں بند ہیں۔