عاصف بٹ
کشتواڑ // کشتواڑ کے شیر کشمیر میموریل ہسپتال کی حالت زار کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتا ہے کہ ہسپتال کے مختلف وارڈوں کے اندر چوہوں کی بھرمار ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ضلع ہسپتال میں موجود مختلف وارڈوں کے اندر زیر علاج مریض سخت ہریشان ہوچکے ہیں۔مریضوں کے مطابق چوہے رات کے ساتھ ساتھ دن میں بھی ہسپتال کی وارڈوں میں گھومتے اور مریضوں کاساز وسامان خراب کرتے ہیں ۔ہسپتال میں زیرعلاج مریض کے تیمادار نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے مریض کیساتھ ہسپتال میںہے جبکہ ہسپتال کے وارڈ میں چوہوں نے سخت پریشانی پیدا کی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کھانے پینے کی چیزیں وارڈ میں لانا سخت مشکل ہوگیا ہے جبکہ رات کو جاکر انھیں بیمار کا ہر وقت خیال رکھنا پڑتاہے کہ کہی چوہے آکر حملہ نہ کرے۔ تیمادار ایاز احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ہسپتال کے بیشتر وارڈوں میں جہاں مریضوں کو رکھاجاتاہے وہاں چوہے گھومتے رہتے ہیں اور یہ چوہے نہ صرف کھانے پینے کی اشیاء بلکہ مریضوں کے سامان پر بھی حملہ اور ہوجاتے ہیں انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ انکا کوئی انتظام کرے۔ ہسپتال حکام نے بتایا کہ کی سال قبل بھی چوہوں نے ہسپتال میں چند افراد کو اپنا نشانہ بنایاتھا اور انھیں نقصان پہنچایاتھالیکن باوجود اسکے آج تک ہسپتال انتظامیہ نے کوئی اقدام نہیں کیا۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کی کہ ان چوہوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔