انتظامیہ پر عدم توجہی کا الزام، ایم ایل اے سے فوری اقدامات کی اپیل
محتشم احتشام
پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ کے سامنے سے ریڈیو اسٹیشن کو جانے والی سڑک گزشتہ کئی برسوں سے زبوں حالی کا شکار ہے۔ یہ اہم شاہراہ روزانہ ہزاروں لوگوں کے استعمال میں آتی ہے، مگر خستہ حالی کے باعث شہریوں، مریضوں اور ٹرانسپورٹ شعبے سے وابستہ افراد کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انتظامیہ کی مسلسل چشم پوشی سے تنگ آکر آٹو ڈرائیوروں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کے کچھ حصوں کی مرمت کر کے عوامی خدمت کی ایک مثال قائم کی ہے۔واضح رہے کہ اس روڈ کو ضلع ہسپتال پونچھ سے ریڈیو اسٹیشن تک جانے والے شہری روزانہ استعمال کرتے ہیں۔ ہسپتال آنے جانے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کا کہنا ہے کہ سڑک کی ٹوٹی پھوٹی حالت نے ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ جگہ جگہ گڑھوں اور کھڈوں کے باعث نہ صرف گاڑیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ حادثات کا خدشہ بھی مسلسل بڑھ رہا ہے۔شہریوں کے مطابق بارش کے دوران یہ سڑک تالاب کا منظر پیش کرتی ہے، جس کی وجہ سے گزرنا اور بھی دشوار ہو جاتا ہے۔پونچھ کے آٹو ڈرائیوروں نے بتایا کہ وہ روزانہ اس راستے پر سفر کرتے ہیں اور خراب سڑک کی وجہ سے نہ صرف ان کے گاڑیوں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ مریضوں کو وقت پر ہسپتال پہنچانے میں بھی دشواری ہوتی ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ کئی بار انتظامیہ اور اعلیٰ حکام کو اس مسئلے کی نشاندہی کی گئی لیکن کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ مایوسی کے عالم میں آٹو ڈرائیوروں نے اپنی مدد آپ کے تحت چندہ جمع کر کے سڑک کے کچھ حصوں کو بھرنے اور مرمت کرنے کا کام کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام صرف عوامی سہولت کے لئے کیا گیا ہے، لیکن یہ عارضی حل ہے۔ سڑک کی مکمل مرمت کے بغیر عوامی مشکلات کم نہیں ہو سکتیں۔علاقہ مکینوں اور آٹو ڈرائیوروں نے ایک بار پھر انتظامیہ اور ایم ایل اے پونچھ سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر اس سڑک کی ازسرنو مرمت کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ روڈ شہر کی سب سے اہم سڑکوں میں سے ایک ہے، اور اس کی خستہ حالی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔شہریوں نے کہا کہ وہ گزشتہ تین سالوں سے اس مسئلے کو اٹھا رہے ہیں، مگر ہر بار صرف یقین دہانی کرائی گئی اور عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔ مقامی لوگ اس بات پر بھی برہم ہیں کہ ضلع کے سب سے بڑے ہسپتال کو جانے والی سڑک ہی اگر اس حالت میں ہے تو پھر دیگر علاقوں کی سڑکوں کی حالت کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت اب ناگزیر ہو چکی ہے۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو بڑے حادثات رونما ہو سکتے ہیں اور صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ مقامی لوگوں نے زور دیا ہے کہ ایم ایل اے پونچھ اور ضلع انتظامیہ سنجیدگی کے ساتھ اس مسئلے کو حل کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور شہر کی سب سے اہم سڑک ایک بار پھر محفوظ اور قابلِ استعمال ہو سکے۔