راجوری //ضلع ہسپتال راجوری میں شکایات اور تجاویز حاصل کرنے کے مقصد سے نصب کئے گئے شکایتی باکس برائے نام بن کر رہ گئے ہیں اور لوگوں و ہسپتال انتظامیہ کے درمیان ان باکس کے ذریعہ سے کسی طرح کارسل و رسائل نہیں ہوتا۔طویل عرصہ سے یہ باکس غیرمقفل پائے جارہے ہیں جن کی طر ف کوئی دھیان نہیںدیاجارہا۔لوگوں کاکہناہے کہ یہ باکس نمائشی بن کر رہ گئے ہیں جہاں نہ ہی تو کوئی شکایت جمع ہوتی ہے اور نہ ہی اس پر کوئی کارروائی بھی ہوتی ہے ۔واضح رہے کہ ان باکسوں کی تنصیب چند برس قبل اس مقصد سے ہوئی تھی تاکہ لوگ آسانی سے اپنی شکایات اور تجاویز ہسپتال انتظامیہ تک پہنچاسکیں۔ہسپتال کے ذرائع کاکہناہے کہ ان شکایتی باکسوں کو کچھ وقت تک اپنی اصل حالت میں برقرار رکھاگیا اور لوگوں نے بھی اس کا مثبت طور پر استعمال کیاجس دوران انتظامیہ کے نام تجاویز اور شکایات بھی موصول ہوئی ہیں تاہم پچھلے کچھ عرصہ سے ہسپتال انتظامیہ ان باکسوں کااستعمال کرنے اور ان پر توجہ دینے میں ناکام ہوچکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب یہ غیر مقفل ہیں اور صرف نمائش کے طور پر رکھے گئے ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ یہ ایک رازدارانہ باکس ہے تاہم ان کے اوپر کوئی تالے وغیرہ نہیں جس سے کوئی ان کو استعمال ہی نہیں کرپارہا۔لوگوں کاکہناہے کہ اسی سے ہسپتال کے کام کاج کا پتہ بھی چل جاتاہے کہ انتظامیہ معاملات میں کس قدر سنجیدہ ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ اس حوالے سے کئی بار حکام سے بھی بات چیت کی گئی اور ان کے نوٹس میں بھی یہ معاملہ ہے تاہم انہوںنے پھر بھی کوئی اقدام نہیں کیا ۔ایک مقامی شہری عارف احمد نے کہاکہ انتظامیہ ان باکسوں کا صحیح استعمال کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور وہ مقاصد حاصل ہی نہیں ہوئے جن کیلئے ان کی تنصیب ہوئی تھی ۔انہوںنے کہاکہ اگر ان کو استعمال کیاجاتاتو بہت سارے معاملات حل ہوجاتے اور لوگوں کا انتظامیہ کے ساتھ رابطہ رہتالیکن ایسا نہیں کیاگیا۔