راجوری // ضلع اسپتال راجوری جہاں ایک طرف طبی عملے کی کمی سے اور انتظامیہ کی مبینہ لاپر واہی سے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے وہیں دوسری طرف تیمار داروں کے بیٹھنے کے لئے اسپتال کے باہر کوئی بھی معقول انتظام نہیں رکھاگیا جس کی وجہ سے تیماردار مریض کے ساتھ ہی بیڈ پر بیٹھ جاتے ہیں یاپھر کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہوتے ہیں ۔ کئی سال سے عوام شیڈ تعمیر کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں تاکہ اسپتال میں مریضوں کے پاس بھیڑ کم ہونے کے ساتھ دوردراز سے آئے ہوئے تیمارداروں کے بیٹھنے کے لئے معقول نظم ونسق ہوسکے لیکن اسپتال اور ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے تاحال کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔ہسپتال کے باہر شدید دھوپ میں بیٹھے تیمارداروںنے انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کیلئے شیڈ بنانے کیلے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ ضلع انتظامیہ راجوری کو ہسپتال حکام کے ساتھ بات کرکے یہاں شیڈ تعمیر کرناچاہئیں کیونکہ تیمارداروںکو دھوپ اور بارش میں شدید مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔ان کاکہناہے کہ اس سے ہسپتال کے اندر بھی بھیڑ کم ہوجائے گی جس سے مریض اور ڈاکٹردونوں راحت محسوس کریںگے ۔