عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// ڈپٹی کمشنر سرینگرمحمداعجازاسد نے ضلع کیپکس بجٹ 2023-24کے تحت ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کاجائزہ ایک میٹنگ میںلیا۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر نے مختلف سکیموں کے تحت تعمیرات عامہ،پی ایچ ای،صحت،دیہی ترقی ،زراعت اوردیگر محکموں کوواگزار کئے گئے رقومات اور اخراجات کاتفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہرایک شعبے کاجائزہ لینے کے بعد افسروں کوہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار میں تیزی لائیں اور معینہ مدت میں صد فیصد اخراجات کویقینی بنائیں۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ ترقیاتی مقاصد کوکام کے محدود سیزن میں ہی مکمل کیاجائے۔ ڈپٹی کمشنر نے لائن محکموں سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں لگن اورعزم کے ساتھ انجام دیںتاکہ ہرگھر تک ترقیاتی سکیموں کے فوائد پہنچ سکیں۔انہوں نے خدمات کی فراہمی پر توجہ مرکوزرکھنے پرزوردیا۔
انہوں نے پروجیکٹوں کو مفادعامہ میں معینہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے اس کیلئے مزید افرادی ومشینری قوت کو کام پرلگانے کی تلقین کی۔اس کے علاوہ انہوں نے دستیاب وسائل کے ثمرآوراستعمال کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے محکموں سے کہا کہ وہ وقت پر بلوں کو متعلقہ شعبوں کوبھیجنے کو بھی یقینی بنائیں۔زیرتعمیربڑے ترقیاتی پروجیکٹوں پر ہورہے کام کاجائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ وقت پرتمام پروجیکٹوں کومکمل کریں۔ڈپٹی کمشنر نے جامع نکاسی آب سکیم برائے زون3،قمرواری میں نورجہاں پل کو دولینوں والابنانے ،لل دید ہسپتال میں اضافی بلاک ،زیون میں ٹرانزٹ رہائش ،واتھورہ شالہ ٹینگ پل پر کام کوتیز کرنے پرزوردیا۔اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر کو ایک پاورپوائنٹ پرزنٹیشن سے کیپکس بجٹ کی حصولیابیوں،اخراجات اور واگزار رقومات کی جانکاری دی گئی۔