کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے محکمہ تعلیم ،مال اورپولیس محکموں کے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران یکم نومبر سے بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے لئے جارہے امتحانات کے احسن اورخوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے تیاریوں کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن پلاننگ آفیسر کپوارہ،تحصیلداران اورامتحانات کے سپر انٹنڈنٹس کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کپوارہ میں 10,000سے زیادہ طلبأ امتحانات میں شامل ہورہے ہیں اور10ویں جماعت کے طلبأ کے لئے 101امتحانی مراکز اور12ویں جماعت کے 6000طلبأ کے لئے 58امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو منصفانہ اورشفاف ماحول میںامتحانات کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی۔آفیسران نے یقین دہانی دی کہ امتحانات کے احسن طریقے سے انعقاد کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔