سرینگر//عید الاضحی کی تقریبات کو احسن اور خوش اسلوبی سے منانے کے لئے آج وادی کے مختلف اضلاع میں ضلع ترقیاتی کمشنر وں کی صدارت میں میٹنگو ں کا انعقاد کیا ۔شوپیان ضلع میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ترقیاتی کمشنر کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں مختلف محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئروں کے علاوہ افسران نے شرکت کی۔ترقیاتی کمشنر نے عید الاضحی کی تقریبات کے دوران لوگوں کے لئے راشن، ایل پی جی اور دیگر ضروری اشیا کے علاوہ پینے کا پانی اور بجلی کی بلا خلل سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔کپوارہ میں عید انتظامات کے سلسلے میں ترقیاتی کمشنر کی صدارت میں میٹنگ میں میونسپل حکام کو قصبہ اور عیدگاہوں میںصفائی ستھرائی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ترقیاتی کمشنر نے قربانی کے جانوروں اورمرغ کی فروخت کے لئے جگہوں کی نشاندہی کرنے پر بھی زوردیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے عید الاضحی کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائیزہ لیا۔ترقیاتی کمشنر نے اُن فیصلوں اور ہدایات کی من وعن عمل آوری پر زوردیاجو کہ عید تقریبات کے سلسلے میں آفیسروں کو دی گئیں۔اس موقعہ پر مارکیٹ چیکنگ سکارڈ کو متحرک ہونے اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف مہم شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔عید الاضحی کی تقریبات کے دوران لوگوں کو لازمی سہولیات دستیاب رکھنے کے لئے ضلع کمشنر اننت ناگ کی صدارت میںمیٹنگ کے دوران مختلف محکموں پر زوردیا کہ وہ عوام کے لئے بہتر سہولیات دستیاب رکھنے کے علاوہ صفائی ستھرائی پر ٹھوس توجہ دیں۔