سرینگر/ضلع پونچھ میں چکندا باغ کراسنگ سے جمعرات کو کنٹرول لائن کے آر پار تجارتی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔
یہ تجارتی سرگرمیاں گذشتہ کچھ روز سے بند پڑی تھیں۔
ذرائع نے کہا کہ آج منقسم جموں کشمیر کے درمیان چکنداباغ پونچھ سے ایل او سی ٹریڈ دوبارہ شروع کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آج چکنداباغ سے 35مال بردار ٹرک پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی طرف روانہ ہوئے۔
واضح رہے کہ لیتہ پورہ،پلوامہ حملے کے تناظر میں گذشتہ کچھ روز سے پونچھ میں ایل او سی ٹریڈ معطل تھا۔
پونچھ میں ایل او سی ٹریڈ کسٹوڈین محمد فرید نے کہا کہ35 مال بردار ٹرکوں کو آج پونچھ چکنداباغ سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی طرف روانہ کیا گیا جبکہ اتنے ہی مال بردار ٹرک وہاں سے آنے کی اُمید ہے۔