حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میں گزشتہ پانچ ماہ سے بجلی کے بلوں کے اجراء میں پیدا ہونے والے بحران کو حل کرنے کے لیے محکمہ بجلی نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ اس ٹیم میں محکمہ کے جونیئر انجینئرز کے ساتھ ساتھ پراجیکٹ مینجمنٹ ایجنسی (PMA)، رورل الیکٹریفیکیشن کارپوریشن (REC) اور میٹر نصب کرنے والی کمپنی جینس (Genus) کے اہلکار شامل کیے گئے ہیں۔اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی ڈویژن پونچھ محمد فضل نے بتایا کہ شہریوں کو کئی ماہ سے بل نہ ملنے کی وجہ سے شدید تشویش لاحق تھی۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ صارفین کے میٹروں سے حاصل شدہ ڈیٹا غیر درست تھا جبکہ متعدد میٹروں میں وائرنگ کی گڑبڑ اور تکنیکی خرابیاں بھی سامنے آئیں۔ مزید برآں، کئی صارفین نے براہ راست سروس لائنیں بائی پاس کر کے بجلی چوری کی، جس سے نظام مزید متاثر ہوا۔تحقیقات میں یہ بھی واضح ہوا کہ تقریباً دس فیصد سروس لائنیں صحیح طریقے سے تبدیل نہیں کی گئیں اور پرانی و غیر معیاری لائنیں بدستور استعمال میں رہیں۔ محمد فضل کے مطابق ان تمام خامیوں کا ذمہ دار میٹر نصب کرنے والی کمپنی جینس ہے، جس نے معیاری کام انجام نہیں دیا۔محکمہ بجلی کی تشکیل کردہ ٹیم اب ان بے ضابطگیوں کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے گی تاکہ آئندہ صارفین کو بجلی کے بلوں میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ رپورٹ کی بنیاد پر کمپنی کے خلاف مزید کارروائی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔