سرینگر//آئی جی پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے جمعرات کو کہا کہ شمالی قصبہ سوپور میں مہلوک نوجوان کے اہل خانہ کے الزامات کے بعد ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ نے مذکورہ نوجوان کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
آئی جی کشمیر نے نامہ نگاروں کی طرف سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا”میرا ماننا ہے کہ عرفان احمد پتھر پر گرنے کی وجہ سے جاں بحق ہوا۔وہ اند ھیرے میں گر کر حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے مر گیا ہوگا۔اب تحقیقاتی ٹیم ہی حقائق لیکر سامنے آئے گی۔“
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا سے پیدا صورتحال کی وجہ سے عرفان کی لاش کو لواحقین کے سپرد کرنے کے بجائے سونہ مرگ میں مجسٹریٹ اور قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں دفن کیا گیا۔
انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ عرفان جنگجوﺅں کا ایک بالائے زمین کارکن تھا اور اس کی تحویل سے دو گرینیڈ بر آمد ہوئے تھے۔بعد ازاں مزید بر آمدگی کیلئے عرفان کو لیاجارہا تھا جس کے دوران وہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوا جس کے بعدا س کی لاش بر آمد ہوئی۔
یاد رہے کہ عرفان کے گھر والوں نے اُس کی ہلاکت کو ”زیر حراست قتل“ قرار دیا ہے۔