ضلع صدرمقامات پرججوں کی اسامیاں ایک ہفتے میں پُر کی جائیں گی

Mir Ajaz
4 Min Read

سرینگر//جموں کشمیر اورلداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس علی محمد ماگرے نے ،چیف جسٹس کاعہدہ سنبھالنے کے بعدپہلی بار منگل کو ضلع کورٹ کمپلکس مومن آباد کامعائنہ کیا۔ چیف جسٹس نے بارکے نئے ارکان سمیت ممبران سے تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرینگر جواداحمداور تمام جوڈیشنل ملازمین اوربار ممبران نے چیف جسٹس کاخیرمقدم کیا۔جسٹس ماگرے نے موقعہ پر ہی بار کی طرف سے اُٹھائے گئے معاملات کو حل کرنے کی ہدایت دی۔بار کی طرف سے ضلع صدرمقامات پرججوں کی خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے مطالبے پر چیف جسٹس نے انہیں یقین دلایا کہ ان اسامیو ں کو ایک ہفتے کے اندرپُر کیاجائے گا۔چیف جسٹس نے سول اور پولیس انتظامیہ سے ڈھانچے کے متعلق زیرالتوء امورپر بھی ایک میٹنگ کی۔انہوں نے موقعہ پر ہی صوبائی کمشنر اورضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مومن آبادعدالتی احاطے کے بیرون اراضی کے حصول کوتیز کیاجائے ۔انہوں نے محکمہ باغبانی کو بھی ہدایت دی کہ عدالتی احاطے کو جب نظر بنانے کیلئے پہلے ہی واگزار کئے گئے رقومات کااستعمال کیاجائے۔اس موقعہ پر چیف جسٹس نے ایپلی کیشن ’نیشنل سروسزاینڈ ٹریکنگ آف الیکٹرانک پروسیسز( NSTEP)کو بھی لانچ کیا۔جسٹس ماگرے نے سرینگر ضلع کے عدلیہ کے حکام سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

جوڈیشل اکیڈیمی کامالی بندوبست
ای کامرس پلیٹ فارمزکے استعمال پر 2روزہ ورکشاپ
سری نگر//جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ( سرپرست جے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈیمی ) جسٹس علی محمد ماگرے کی سرپرستی میں جموںوکشمیر جوڈیشل اکیڈیمی نے ’’ فائنانشل مینجمنٹ ، مالیاتی اور بجٹ دستاویز کی تیاری، اِی ۔ کامرس پلیٹ فارمز کا اِستعمال،پبلک فائنانشل مینجمنٹ سسٹم ( پی ایف ایم ایس ) ٹیکسیشن ، مالیاتی ریکارڈ کو برقرار رکھنا او رآڈِٹ‘‘ پر دور روزہ خصوصی پروگرام کا اِنعقاد کیا جویہاں جموںوکشمیر اور لداخ یوٹیز کی ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں کے اے او ز او رنذیروں کے لئے عملی اور بذریعہ ورچیول موڈ شروع ہوا۔یہ تقریب جموںوکشمیر جوڈیشل اکیڈیمی کی گورننگ کمیٹی کی چیئرپرسن جسٹس سندھو شرما ،گورننت کمیٹی برائے جموںوکشمیر جوڈیشل اکیڈیمی کے ممبران جسٹس جاوید اِقبال وانی اور جسٹس وسیم صادق نرگل کی رہنمائی اور ڈائریکٹر جے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈیمی شہزاد عظیم کی مجموعی نگرانی میں منعقد کی جارہی ہے ۔فائنانشل ایڈوائزر ( سی اِی او ) جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ ہارون احمد اور ٹیکنیکل سپورٹ اِنجینئر پی ایف ایم ایس ، ڈائریکٹوریٹ جموں وکشمیر سری نگر عادل احمد پروگرام میں ریسورس پرسن تھے جبکہ او ایس ڈی جے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈمی سواتی گپتا نے پروگرام کے نظامت کے فرائض اَنجام دئیے۔خصوصی تربیت پروگرام کے پہلے دِن کے تکنیکی سیشن میں ریسورس پرسن ہارون احمد نے جنرل فائنانشل رولز ( جی ایف آر) اور فائنانشل مینجمنٹ سے متعلق تصورات پر غو رکیا تاکہ کسی اِدارے کے مالی معاملات کو مالی طور پر سمجھداری سے منظور کیا جاسکے۔اُنہوں نے تنظیم میں اخراجات کے مؤثر اِنتظام کے لئے مالیاتی اور بجٹ دستاویز کی تیاری کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

Share This Article