محمد تسکین
بانہال// جموںسرینگر قومی شاہراہ پر بانہال اور را م بن کے سیکٹر میں پیر کی صبح سے شروع ہوا بارشوں کا تازہ سلسلہ شام تک رک رک کر جاری تھا جبکہ اس دوران جواہر ٹنل اور مہو منگت کے علاقوں سمیت پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے میں تازہ برفباری ہو رہی ہے ۔بانہال ، رامسو ، گول اور رام بن کے تمام اوپری پہاڑی سلسلے میں تازہ برفباری ہوئی ۔ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے موسم ایک دم سرد ہوگیا ہے جو پچھلے دو روز سے بہتر ہی تھا ۔ کھڑی مہو۔منگت ، نیل ، سینابتی پوگل پرستان اور گول کے علاقوں میں تین سے چھ انچ تک تازہ برفباری ہوئی ہے ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ناشری اور بانہال کے درمیان 66کلومیٹر کے سیکٹر میں تیز بارشیں ہو رہی ہیں اور تمام پہاڑی سلسلوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہی ۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز مسافر بردار ٹریفک کودونوں طرف سے چلنے کی اجازت تھی جبکہ ٹرکوں اور ایندھن ٹینکروںکووادی کشمیر سے جموں کی طرف چلنے کی اجازت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس ، پیڑاہ ، ماروگ اور رامسو ،شیر بی بی کے سیکٹر میں متعدد مقامات پر پتھر بھی گرتے رہے اور وہاں موجود تعمیراتی کمپنیوں کی مشینری کی طرف سے ان پتھروں کو ساتھ ساتھ صاف بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں شاہراہ کے کئی مقامات پر ہلکا پھلکا ملبہ اور پتھر بھی سڑک پر گر آئے تاہم شام تک ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری تھی ۔ ٹریفک حکام نے مزید بتایا کہ ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹریا موڑ، بیٹری چشمہ اور شیر بی بی کے علاقوں میں پتھروں اور پسیوں کو سڑک سے صاف کرنے کیلئے مشینری کو تیار بہ تیار رکھا گیا ہے اور ابھی تک شاہراہ پر کسی بھی جگہ پر کوئی بڑی لینڈ سلائیڈنگ یا دیگر کوئی معاملہ پیش نہیں آیا ہے اور پیر کی شام پانچ بجے تک سینکڑوں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے بنا کسی رکاوٹ کے اپنا سفر کیا ۔ انہوں نے گاڑی والوں اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ کے سفر سے گریز ہی کریں تاکہ انہیں شاہراہ پر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔