محمد تسکین
بانہال //جمعرات کی صبح سے دوسرے روز بھی ضلع رام بن کے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور رام بن ، بانہال ، گول اور رامسو کے سب ڈویژنوں میں جم کر بارشیں ہو رہی ہیں ۔ اس دوران بانہال کے علاقوں میں بدھ کی رات اور جمعرات کی صبح ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔ جمعرات کی سہ بعد بانہال اور رام بن کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔ مہو منگت ، جواہر ٹنل اور پیرپنچال کے پہاڑی سلسلے پر جمعرات کی شام تک برفباری ہو رہی تھی۔جمعرات کے روز مسلسل دوسرے روز بھی بانہال میں ریاست جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔ بانہال میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 76.2 ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں ۔ادھر جمعرات کی سہ پہر بعد رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں شاہراہ کئی مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں ۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ رام بن کے مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ کے مقامات پر ملبہ اور پتھروں کے گرنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کو روک دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر گر آئے ملبے اور پتھروں کو صاف کرنے کیلئے مشینری کام پر لگی ہوئی ہے اور شام دیر تک بحالی کے امکانات موجود ہیں ۔ ٹریفک پولیس حکام نے مسافروں اور گاڑی والوں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر جموں اور سرینگر کا سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر رکھی ہے ۔پچھلے تین روز سے جاری بارشوں اور برفباری کی وجہ سے سوکھے ندی نالوں اور چشموں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے اور اس سے عام لوگوں اور کسانوں میں خوشی پائی جارہی ہے ۔