بانہال جنگلات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ،آگ جھاڑیوں اور گھاس پھوس تک محدود:رینج آفیسر بانہال
محمد تسکین
بانہال// ناشری ٹنل کے آر پار کئی جنگلاتی اور پہاڑی علاقوں میں پچھلے کئی روز لگی آگ کی وارداتوں کی وجہ سے بانہال اور رام بن کے علاقوں گہرا دھواں بھر گیا ہے جس کی وجہ سے چیزوں کو آنکھ سے دیکھنے کی قوت کچھ کئی سو میٹروں تک ہی محدود ہوگئی ہے۔ تاہم محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ یہ آگ گھاس پھوس اور جھاڑیوں میں لگی ہوئی ہے اور جنگلات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور محکمہ جنگلات کا فیلڈ عملہ آگ پر قابو پانے کیلئے دن رات کی بنیادوں پر مسلسل کام کر رہا ہے۔ مختلف علاقوں سے کشمیر عظمیٰ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق پچھلے کئی روز سے ادھم پور، بٹوت ، رام بن ، رامسو اور بانہال کے گرد وپیش کے تقریبا تمام جنگلاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے آگ کی وارداتیں نمودار ہوئی ہیں اور کئی علاقوں میں چند ایک درختوں کو پہنچے نقصان کے سوا کسی بڑے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ فارسٹ رینج بانہال اور رام بن کے اکڑال ، کھڑی ، ہنگنی رامسو ، تانترے پورہ ڈولیگام بانہال اور چملواس کے علاقوں میں آگ کی ان وارداتوں سے فضا دھویں سے بھری ہوئی ہے اور بانہال اور رام بن کے علاقوں رامسو میں پیر کی صبح سے ہی گہرے دھویں کی پرت سے دھوپ بھی اثر انداز رہی تاہم سہ پہر بعد سے رام بن ۔ بانہال کے کئی علاقوں میں دھویں میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی تھی ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ہنگنی کے اوپری علاقوں میں ریلوے ٹنل کی ایڈیٹ کے نزدیکی جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے اور کئی درخت بھی جل رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات سے بھاری دھواں نکل رہا ہے اور چند گرے اور کھڑی درخت بھی آگ کی لپیٹ میں آئے ہیں۔ اسی طرح گزشتہ دنوں چملواس کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے چملواس کے مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ محکمہ جنگلات کے عملہ کے بجائے مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پایا تھا جبکہ جنگلات کے ملازمین موقع پر موجود نہیں تھے ۔ پیر کے روز بانہال کے تانترے پورہ ڈولیگام کے اوپر جنگلات میں لگی آگ کا سلسلہ شام تک جاری تھا اور جنگلات سے دھویں کے بادل آٹھ رہے تھے ۔رینج آفیسر بانہال عبدالرشید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال رینج میں جنگلی علاقوں میں لگی آگ زمین تک ہی محدود ہے اورگھاس اور جھاڑیاں جل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں آگ سے جنگلات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری رینج میں میں محکمہ جنگلات کے ملازمین متحرک ہیں اور آگ بجھانے کیلئے دن رات کی بنیادوں پر کاروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا آگ بجھانے میں مقامی لوگ بھی محکمہ کا تعاون کر رہے ہیں اور لوگوں کو تشویش میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس خشک سالی کے دوران جنگلات اور جنگلات کے اس پاس آگ لگانے حتی کہ جلتا ہوا سگریٹ پھینکنے سے بھی گریز کریں تاکہ جنگلات جیسے ہمارے قومی سرمایہ کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے ۔