محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن میں منگل کی رات سے ہی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم بارشوں کا یہ سلسلہ مدہم تھا اور رک رک کر تھا۔ بدھ کی دوپہر تک رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں ہوئی بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور گرمی کی شدت سے لوگوں کو جہاں راحت محسوس ہوئی ہے وہیں زمینداروں کو بھی ان بارشوں سے کسی حد تک فائدہ ہی ہوا ہے کیونکہ پچھلے ایک مہینے سے بارشوں کیلئے ترستے کھیت کھلیانوں کو بھی بارشوں نے سیراب کیا ہے۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت معمول کے مطابق جاری ہے اور معمول کے ٹریفک میں امرناتھ یاترا کے ساتھ ساتھ مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا جبکہ مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت تھی۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن اور بانہال کے ستر کلومیٹر کے سیکٹر میں رک رک کر ہلکی ہلکی بارشیں ہوئیں تاہم اس سے ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی ۔ انہوں نے کہا کہا بدھ کے روزامرناتھ یاترا کے 15ویں قافلے میں شامل بالتل کے راستے جانے والی امرناتھ یاترا کانوائے میں 2471یاتریوں نے 95چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سفر کیا گیا جبکہ پہلگام کے راستے امرناتھ یاترا میں شامل 3593عقیدتمندوں نے 139گاڑیوں کے ذریعے پوتر گھپا کا رخ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل ملا کر 6064امرناتھ یاتریوں نے 234گاڑیوں نے جموں سے وادی کشمیر کا سفر کیا جبکہ بالتل اور پہلگام کے راستے درشن کے بعد واپس آنے والے قریب پانچ ہزار یاتریوں نے واپس جموں کا سفر کیا ۔