محمد تسکین
بانہال//اتوار کی دیر شام سے رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں شروع ہوئی بارشوں کا سلسلہ پیر کی شام تک رک رک کر جاری تھا اور ان بارشوں نے ضلع رام بن میں گرمی کی شدت سے بے حال لوگوں کو کسی حد تک راحت پہنچائی ہے ۔ گرمی کی جاری شدت سے زمینداروں کو بھی تشویش لاحق تھی تاہم بارشوں کیوجہ سے زمینداروں نے بھی راحت کی سانس لی ہے اور سوکھی پڑی زمینیں بارشوں سے سیراب ہوگئی ہیں۔ پچھلے چند ہفتوں سے جاری گرمی کی شدّت کی وجہ سے پینے کے پانی کے چشموں اور ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح کم ہوگئی ہے اور کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی متاثر ہو کر رہ گئی ہے اور بانہال اور رام بن کے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کو لیکر لوگ پریشان ہیں۔ اس دوران بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی ۔ ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کے روز شاہراہ پر دونوں طرف کے ٹریفک میں مسافر بردار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں کو جموں سے سرینگر کی طرف آنے کی اجازت تھی۔