محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن خصوصاً یہاں سے گزرنے والی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر منشیات سمگلنگ کے خلاف پولیس کی جنگ عرصہ دراز سے جاری ہے اور پچھلے کئی برسوں سے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث درجنوں افراد کو پولیس نے دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے ۔2024کے دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ضلع رام بن میں نارکوٹکس کی منشیات کی سمگلنگ میں 41کیس درج کئے گئے ہیں اور بیس گاڑیوں ، منشیات اور نقدی رقم کی ضبطی عمل میں لائی گئی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔ ان باتوں کا اظہار سینئیر سپر انٹنڈٹ آف پولیس رام بن کلبیر سنگھ نے نامہ نگاروں سے ایک بات چیت کے دوران کیا۔ ضلع رامبن پولیس سربراہ کلبیر سنگھ نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس سربراہان کی طرف سے منشیات کے بارے میںصفر رواداری کی پالیسی کے مطابق رامبن ضلع میں منشیات کی روک تھام کیلئے کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور الیکشن اور شری امرناتھ یاترا کے بعد اس میں تیزی لائی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ رام بن پولیس کی کاروائیوں میں چرس، ہیروئین یا چٹا اور پوست ہائے خشخاش کی سمگلنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور سمگلنگ میں ملوث 20گاڑیوں اور ایک لاکھ چھتر ہزار روپئے کی رقم کو بھی ضبط کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سمگلروں کے خلاف کارروائیاں بڑی دشوار ہوتی ہیں لیکن اس سب کے باوجود پولیس انٹیلیجنس اور عوامی تعاون کی بنیادوں پر ہمارے محنتی اہلکار اور افسروں نے منشیات سمگلروں کا قافیہ تنگ کر رکھا ہے ۔ ایس ایس پی رامبن کلبیر سنگھ نے مزید کہا کہ کہ اس سال کے دوران ہم نے کامیابی کے ساتھ دو بڑے انتخابات منعقد کروائے اور لاکھوں عقیدتمندوں پر مشتمل کامیاب ترین امرناتھ یاترا کا مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشنوں کے دوران منشیات مخالف کاروائیوں میں تھوڑی سی کم توجہ رہی تھی تاہم الیکشن کے خاتمے کے فورا بعد منشیات مخالف کاروائیوں پر مکمل توجہ دوبارہ مرکوز کی گئی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضلع رامبن میں مجموعی طور پر سیکورٹی صورتحال بہت بہتر رہی ہے اور کسی بھی قسم کا نقص امن کا کوئی احتمال نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی ہر مدد کیلئے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور تھانہ دیوس سے عوام اور پولیس کے روابط گہرے ہوئے ہیں اور پولیس سے متعلقہ مسائل کو فوری حل کیا جاتا ہے جبکہ عوام کے دیگر محکموں سے مسائل کو بھی پولیس کے زریعے متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا جاتا ہے اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رامبن پولیس جموں سرینگر قومی شاہراہ اور ضلع کے ہر مقام پر متحرک اور چاک و چوبند ہے اور منشیات سمگلنگ سمیت دیگر جرائم کی کا قلع قمع کرنے اور بہتر سماج کیلئے دن رات کی بنیادوں پر کوشاں ہے۔