مختلف علاقوں میں سیلا ب سے ہوئے نقصان کا لیا جائزہ ، متاثرین کیساتھ ملاقات
زاہد بشیر
گول//حالیہ شدید بارشوں کے بعد گول سب ڈویژن میں درجنوں رہائشی مکانات کے ساتھ ساتھ زرعی اراضی و درختان کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ دودرجن کے قریب رہائشی مکانات مکمل طو رپر نا قابل رہائش ہو گئے ہیں ۔ا سکے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن محمد الیاس خا ن اور ڈی ڈی سی چیئر پرسن شمشادہ شان نے گول کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ ان کے ہمراہ ایس ڈی ایم گول امتیاز احمد، تحصیلدار گول ہرجیت سنگھ ،ایس ایچ او گول سمیر احمد کے علاوہ دورے آفیسران بھی موجود ہے ۔ دورہ کے دوران انہوں نے یہاں پر بارشوں سے ہوئے نقصانات کاجائزہ لیا اور متاثرین کے ساتھ بھی ملاقات کی ۔ یہاں سب سے زیادہ گول کے ملک پور ہ موئلہ علاقہ میں نقصان ہوا ہے جہاں پر پندرہ گھر مکمل طو رپر نا قابل رہائش ہو چکے ہیںاور اس وقت یہ ڈگری کالج گول میں پناہ لئے ہوئے ہیں ۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گول کے علاقہ داڑم، داچھن اورڈھیڈہ وملحقہ مقامات کا معائنہ کیا تاکہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور مالی خسارے کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے سڑک رابطوں، ضروری خدمات اور سپلائیز، عوامی و نجی ڈھانچوں کی مرمت و بحالی کے کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اس دوران ڈی سی موصوف نے متاثرہ عوام سے بات چیت کے دوران ان کے مسائل سنے۔ ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کے مسائل سے پوری طرح باخبر ہے اور ریلیف کیسز کو ہنگامی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ جلد از جلد مدد فراہم کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے سڑکوں، بجلی، پانی کی فراہمی اور دیگر ضروری خدمات کی بحالی کا جائزہ لیا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔وہیں اس دوران ڈی ڈی سی چیئر پرسن شمشادہ شان نے یقین دلایا کہ متاثرین کو بھر پور امداد دی جائے گی اور ڈی ڈی سی فنڈس میں سے متاثرین کو پچاس ہزار فی کنبہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ضلع میں کافی نقصان ہوا ہے وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے بھی ملی ہیں اور انہوں نے یقین دلایا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بھر پور معاونت کریں گے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس دوران گول موئلہ ملک پورہ کے متاثرین کے ساتھ ملاقات کی اور انہوں نے ملک پورہ کا مکمل دورہ کیا اور زمین دھنسنے کے واقعات کا جائزہ لیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن نے اس موقعہ پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جیالوجی ٹیم کو معائینہ کے لئے یہاں بھیجیں گے اور اُس کے بعد معلوم ہو گا کہ یہ جگہ رہنے کے قابل ہو گی کہ نہیں اور پھر اراضی دینے کے بارے میں بھی بات کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ اہم سڑک نیٹ ورکس کی بحالی ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ ضروری سامان کی سپلائی، ایمرجنسی سروسز اور عوامی سہولتوں کو یقینی بنایا جا سکے۔