جموں //وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں اور سرینگر کے دارالحکومتی شہروں کی ترقی کی جانب خصوصی توجہ مرکو زکرنے پر زور دیا ہے۔ ضلع ترقیاتی بورڈ جموں کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیرا علیٰ نے کہا کہ اس ہد ف کو مقرر کرکے انہوں نے بڑے شہروں کے ترقیاتی عمل کو کیپٹل سٹی پلان ترتیب دے کر ضلع انتظامیہ سے الگ کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں اور سرینگر جہاں دارالحکومتی شہر ہیں وہیں ان شہروں میں آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں بلدیاتی سہولیات کی مانگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔عمل آور ی ایجنسیوں کو تمام پروجیکٹ مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے امید ظاہر کی کہ پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل سے عام لوگوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے آنے والے موسم گرم اور آبپاشی سیزن کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع میں پمپ اور لفٹ موٹروں کا اضافی سٹاک رکھنے پر زور دیا۔انہوں نے ارکان قانون سازیہ کو مشورہ دیا کہ وہ نوجوانوں کو سیلف ہیلپ گروپ قائم کرنے کی ترغیب دیں تاکہ وہ حکومت کے پروجیکٹوں کی عمل آوری میں معاون بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف کمیونٹی سطح پر پروجیکٹوں کی عمل آوری میں مدد ملے گی بلکہ بہت سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو حال ہی میں تعمیر کی گئی جموں ۔ادھمپور قومی شاہراہ پر سہولیات فراہم کرنے کا معاملہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے ساتھ اٹھانے کے لئے کہا۔ انہوں نے نندنی میں سڑک کشادگی کے نتیجے میں اٹھائے گئے دکانداروں اور چھاپڑ ی فروشوں کا معاملہ بھی زیر غور لانے کی ہدایت دی۔انہوں نے ضرورت کے حساب سے اُردو کے ماہر اساتذہ کو سکولوں میں تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سکولی عمارتوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے مبارک منڈی ہیرٹیج پروجیکٹ کو ریاست کے تمدن میں اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے اس پر جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔انہوں نے اس پروجیکٹ پرجاری کام میں سست رفتاری کا ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لینڈ سکیپنگ کا کام فوری طور شروع کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے پاس میں تعمیر کئے گئے پارکنگ لاٹ کو کارگر بنانے کی ہدایت تاکہ گاڑیاں ہیڑٹیج کمپلیکس کے اندر نہ آسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے رگھوناتھ مندر اور ملحقہ علاقہ جات کے تحفظ اور انہیں سیاحتی جگہوں کے طور فروغ دینے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ جن کے پاس منصوبہ بندی اور ترقیات محکمے کا قلمدان بھی ہے، نے ضلع کے لئے رواں سال کی واجبات کی ادائیگی کے لئے 22 کروڑ روپے اضافی طور واگذار کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے توی پروجیکٹ پر کام میں تیزی لانے کے لئے 1کروڑ روپے اور آر ایس پورہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے 1کروڑ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ضلع کے ہر ایک حلقے میں بلدیاتی کاموں کے لئے 50 لاکھ روپے واگذار کرنے بھی اعلان کیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ موجودہ سرکار نے تمام پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے ڈیڈ لائن کے تحت ہی کام کرنے کی متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایات دی ہیں جس کے نتیجے میں کئی رُکے پڑے پروجیکٹوں کو واپس پٹری پر لایا گیا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے مبارک منڈی ہیرٹیج پروجیکٹ کو جموں شہر کے تمدن اور ثقافت کے تحفظ کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ۔ اپنے خطاب میں وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے جموں اور سرینگر شہروں کے لئے کیپٹل سٹی منصوبوں کو ایک مرحلہ وار تبدیلی والے منصوبے قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے اقدامات کے تحت باقی ماندہ اضلاع کے لئے ماہرین کی طرف سے ضروریات کی سفارشوں کے بعد تقسیم کاری کی جائے گی۔بعد میں بورڈ نے جموں کے لئے کیپٹل سٹی پلان کے تحت 690 کروڑ اور ضلع سیکٹر پلان کے تحت 212 کروڑ روپے کے منصوبوں کو منظور ی دی۔