سرینگر/پولیس کی طرف سے بدھ کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بڈ گام پولیس نے ضلع میں کئی مقامات پر ناکہ چیکنگ کے دوران 10منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیابرآمد کرکے ضبط کی ہے۔
پولیس بیان کے مطابق نصرا للہ پورہ بڈگام کے نزدیک پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران تین افراد، معراج الدین میر ساکنہ چھون بڈگام ، سعید ارسلان ساکنہ گوٹی پورہ بڈگام حال ہاوسنگ کالونی اوم پورہ اور عبید شفیع صوفی ساکنہ ہاوسنگ کالونی اوم پورہ ، کی گرفتاری عمل میں لا کر ان سے پوچھ گچھ شروع کی جس دوران گرفتار شدگان نے بد نام زمانہ منشیات فروش گلزار احمد ڈار عرف گل سکا ساکنہ نادی گام بڈگام کا نام ظاہر کیا جس کے بعد پولیس نے مذکورہ اسمگلر کو بھی حراست میں لے لیا۔بیان کے مطابق گرفتار کئے گئے منشیات فروشوں کے قبضے سے فکی اور دوسری نشہ آور اشیابرآمد کی گئی ہے۔ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 198/2019کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ نارہ بل پل کے نزدیک بڈگام پولیس نے ناکہ لگایا جس دوران مدثر احمد میر ساکنہ کرہامہ کنزر ، زبیر احمد میر ساکنہ مازہامہ اور سجاد ہجام ساکنہ چیر گیون ماگام نامی منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے 320کوڈین بوتلیں، 24نشیلی کپشول اور24ہزار جعلی کرنسی کے نوٹ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 88/2019کے تحت پولیس اسٹیشن ماگام میں کیس درج کرکے تفتیش شروع کی ہے۔
علاوہ ازیں چاڈورہ پولیس نے دو منشیات فروشوں، بشیر احمد صوفی اور غلام محمد گنائی ساکنہ پاتری گام کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 21کلو 3سو گرام خشخاش برآمد کیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 118/2019کے تحت چاڈورہ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
پولیس کے مطابق خانصاحب پولیس نے بد نام زمانہ منشیات فروش ، غلام حسن شیخ ساکنہ یاری کھاہ کی گرفتاری عمل میں لاکر اس کے قبضے سے 120گرام چرس برآمد کرکے تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 104/2019کے تحت خانصاحب پولیس اسٹیشن میں کیس رجسٹر کرکے مزید تحقیقاتی عمل کا آغاز کیا ہے۔