سرینگر//بانہال کے ایک کورونا مریض، جو ضلع اسپتال رام بن میں زیر علاج تھا، کے قریبی رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ طور طبی لاپرواہی سے جاں بحق ہوا ہے۔یہ واقعہ اتوار کو پیش آگیا۔
عبد القدوس ساکن لامبر بانہال کے اہل خانہ نے بتایا کہ اس کی حالت خراب ہونے کے بعد وہ اسپتال پہنچے تو وہاں موجود طبی عملہ مریض کے پاس آکر اس کو وینٹی لیٹر پر رکھنے کے بجائے اس بات کا شکوہ کرنے لگے کہ مریض کو مشین چلانی نہیں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں مریض کو وقت پر آکسیجن کی فراہمی ممکن نہ ہوئی اور وہ دم توڑ بیٹھا۔جاں بحق شخص کے اہل خانہ نے اسپتال کے اسٹاف بشمول ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس سلسلے میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا ہے جس میں مریض کو بیڈ پر دیکھا جاسکتا ہے اور اس کے آس پاس کوئی نہیں ہے۔سوشل میڈیا کا استعمال کرنے والوں نے بھی اسپتالی انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کیا ہے۔
میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع اسپتال رام بن عبد الحمید سے جب اس سلسلے میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ حاضر ملازمین کے نام نوٹس جاری کی گئی ہے اور اگر کسی کو ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔