کانپور//لوک سبھا الیکشن سے قبل رافیل طیارہ سودے کو حکمراں بی جے پی کے خلاف سیاسی مہم بنانے میں مصروف کانگریس نے مرکزی حکومت کو للکارا اور کہاکہ ملک کے مفاد سے وابستہ اس معاملے پر کانگریس عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتی ہے ۔ کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے یہاں پارٹی کے ضلع ہیڈکوارٹر تلک ہال میں نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے سرمایہ دار دوست کی پرائیوٹ کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لئے ملک کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے ۔ سال2012 میں کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت نے فضائیہ کی ضرورت کے مطابق 126طیاروں کے لئے سودا کیا جس کے مطابق سرکاری سیکٹر کی ہندوستان ایروانٹکس لمیٹیڈ کو ٹکنالوجی ٹرانسفر ہونی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے صرف 36 طیاروں کا سودا کیا ہے وہ بھی تین گنا زیادہ قیمت پر ۔ ان کے پاس اس کے تمام ثبوت موجود ہیں ۔