سرینگر// یتیم فاؤنڈیشن نے جواہر نگر میں واقع اپنے مرکزی دفتر بیت الہلال میں ’استقبال رمضان‘ پروگرام کا انعقاد کیا جس میںوادی کشمیر کے تمام اضلاع کے ضلعی نمائندوں اور رضاکاروں نے شرکت کی ۔ اس دوران کو ویڈ 19 کے ایس او پیز پر مکمل عمل کیا گیا۔ یتیم فائونڈیشن کے چیئرمین محمد احسن راتھراور ضلعی سکریٹری شوپیان محمد رفیق میرنے قرآن وسنت کی روشنی میں خدمت خلق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے رضاکاروں کو مشورہ دیا کہ دیانتدار ،سچے اور مخلصانہ طرز عمل کو اپنا وطیرہ بنائیں۔ دونوںمقررین نے سماجی خدمات کی سرگرمیوں کی اہمیت اوررمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران مزید مالی وسائل پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ کووڈ کی بنا پر ضرورت منددوں کی تعداد میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے اور ضرورت مندوں کی بروقت امداد کرنا ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے،ان میں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو اپنی مشکلات کا اظہار کرنے سے کتراتے ہیں۔محمداحسن راتھر نے آگاہی پروگراموں کے دوران ماسک پہننے ، جسمانی دوری کو برقرار رکھنے اور دیگر ا احتیاطی تدابیر کی ضرورت اوردیگر رہنما خطوط پر عمل پیرا رہنے کی تلقین کی۔انہوں نے نے رضاکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ ضرورت مند اور بے سہارا لوگوں تک پہنچنے کے لئے بیوت المال سمیت دیگر رضاکارانہ تنظیم کے رضاکاروں سے تعاون کریں۔ پروگرام کا آغاز اسلامک گلوبل اسکول سرینگر میں زیر تعلیم بیت الہلال کے اسکالر راہل رشید نے تلاوت کلام پاک سے کی جبکہ ساتویں جماعت کے وسیم احمد نے نعت پیش کیا۔پروگرام کی نظامت پروگرام ایگزیکٹو پریساینڈ پی آر ڈویژن جاوید جواد نے کی۔ ضلعی نمائندہ بانڈی پورہ محمد انور ملک نے ’دعا‘ پیش کی۔بعدازاں یتیم فائونڈیشن ضلع سرینگر کے سب ڈسٹرکٹ آفس کا افتتاح محمد احسن راتھر نے عیدگاہ سرینگر کے علاقے میں ڈاکٹر علی جان روڈ کے ساتھ تاریخی عالی مسجد کے قریب کیا ، تاکہ "شہرِ خاص" (شہر) کے علاقے میں سماجی خدمات کی سرگرمیوں کو وسعت دے کر ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں تک پہنچاجاسکے۔اس موقعہ پر فائونڈیشن کے سینئر ترین ممبر ڈاکٹر احمد حسین غازی ، سینئر سی ای سی ممبر اور سابق چیئرمین محمد رفیق لون ،پروگرام ایگزیکٹو جاوید جواد،ضلع نمایندہ سرینگر محمد اقبال بیگ ، ضلعی نمائندہ بارہمولہ ، شیخ عبد الغنی ، علاقہ کے معززین اور متعدد دیگر رضاکار بھی موجود تھے۔