سرینگر // ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے ہفتہ کو ڈل جھیل اور آس پاس کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے 200 ضرورت مند شکاراوالوںمیں امدادی سامان تقسیم کیا۔نگین ٹورسٹ ٹریڈ ایسوسی ایشن نے سرینگر کے زبرون پارک ، بلیوارڈمیں ایک غیر سرکاری انجمن کے تعاون سے تقریب منعقد کی۔ اس موقع پرڈائریکٹر سیاحت نے ان لوگوں تک پہنچنے کے لئے ایسوسی ایشن کے جذبات کی تعریف کی جن کی معیشت موجودہ وبائی بیماری سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مزید تنظیمیں اور غیر سرکاری تنظیمیں آگے آئیں گی اور موجودہ بحران کے دوران امدادی سامان ضرورت مند لوگوں تک پہنچائیں گی۔ڈاکٹرایتو نے کہا کہ محکمہ صحت نے سفری اور مہمان نوازی کے شعبے سے وابستہ لوگوں میں ٹیکہ کاری مہم بھی چلائی ہے تاکہ وہ مہلک وائرس سے محفوظ رہیں اور امید ظاہر کی کہ کوروناسے نجات ملے گی تاکہ معاشی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں محکمہ کووڈ کے بعد کے منظر نامے میں سیاحتی کاروبار کرنے کے بارے میں ورکشاپ کا انعقاد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔