سرینگر// پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اورسابق وزیر صوفی غلام محی الدین کے انتقال پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ،ریاستی اسمبلی اسپیکر کویندر گپتا ،قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی ،کابینہ وزراء ،نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ ،راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد غلام نبی آزاد ،پردیش کانگریس کمیٹی صدر غلام احمد میر ،سی پی آئی ایم کے ریاستی سیکریٹری محمد یوسف تاریگامی اورپی ڈی ایف کے صدر حکیم یاسین سمیت دیگر کئی لیڈران نے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے گہرے صدمے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ریاستی عوام بالخصوص ہندوارہ علاقے میں رہنے والوں کی فلاح و بہبود کیلئے بیش بہا خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے پارٹی رہنما کی حیثیت سے کام کرکے پی ڈی پی کو بنیادی سطح پر ہندوارہ اور کپوارہ میں مستحکم بنایا ۔ محبوبہ مفتی نے سوگواران کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے دایمی سکون کیلئے دعا کی ۔پی ڈی پی کے سینئر نائب صدر سر تاج مدنی نے بھی پارٹی کے سینئر لیڈر کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک متاثر کن شخصیت تھی جنہیں کافی عرصے تک یاد رکھا جائے گا ۔دیہی ترقی، پنچائتی راج، قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔ وزیر برائے مال ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد ، باز آباد کاری و تعمیر نو اور پارلیمانی امور عبدالرحمان ویری نے ذاتی نقصان قرار دیتے ہوئے سوگواران کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔وزیر برائے خوراک ، شہری رسادات ، امور صارفین و اطلاعات چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ مرحوم نے سماج کے پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے کافی کام کیا ہے ۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ ،کارگزار صدر عمر عبداللہ نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اورسوگوران کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ چودھری محمد رمضان نے بھی مرحوم کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی اور ڈھارس بندھائی۔اس دوران نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ،ریاستی اسمبلی اسپیکر کویندر گپتا ،قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی ،کابینہ وزراء ،غلام نبی آزاد ،غلام احمد میر ،محمد یوسف تاریگامی اورحکیم محمد یاسین نے بھی رنج وغم کا اظہار کیا ۔ممبر پارلیمنٹ فیاض احمدمیر نے بھی پی ڈی پی کے سینئر لیڈر کے انتقال پر اظہار رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔