سرینگر //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ صوفی سنتوں کی تعلیمات آج کے دور کیلئے کافی اہم ہیں جنہوں نے بھائی چارے اور پُر امن بقاء باہمی کا درس دیا ہے ۔وہ کل یہاں آچاریہ شری چندر جی کی 523 ویں جنم تتھی تقریب کے موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے جس کا اہتمام شری چندر چنار بڑا اکھاڑہ اداسن ٹرسٹ ریذیڈنسی روڈ نے کیا تھا ۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ صوفی سنتوں نے ہمیں زندگی گذارنے کا ایک بہترین طریقہ سکھایا ہے جو روحانی مسرتوں سے پُر ہے ۔ انہوں نے کہا اب اس طرز زندگی اور اُن کی تعلیمات کو نوجوانوں اور آنے والی نسلوں تک پہنچانے کی ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ہون اور پورن آہوتی میں بھی شرکت کی اور ریاست کی خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا کی ۔