سرینگر //صورہ سے گاندربل۔ کنگن جانے والی گاڑیوں کا 90 فٹ سڑک پر چلنے سے پرانی شاہراہ صورہ ۔پاندچھ پر رہایش پذیر آبادی کا کوئی پرسان حال نہیںہے۔صورہ سے بژھ پورہ،عمر ہیر،احمد نگر سے ہوتے ہوئے پاندچھ پرانے اور پہلی شاہراہ پر کوئی بھی کمرشل سروس نہ چلنے سے ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی جن میں تاجر،طلاب،سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ بیماروںکوکافی مشکلات درپیش آتی ہیں۔ 1950 سے 2008 تک صورہ بژھ پورہ پاندچھ شاہراہ کو سرینگر لیہہ شاہراہ کا درجہ حاصل تھاکیونکہ اس شاہراہ پر گاندربل، صفاپورہ، تولہ مولہ، کنگن، سونمرگ،کرگل اور لیہہ تک دن رات سینکڑوں گاڑیاں رواں دواں رہتی ہے۔ 2008 میں صورہ پاندچھ تک 90 فٹ سڑک پر ٹریفک کی آوا جاہی شروع کردی گئی جس کے چلتے ہرمکھ ٹرانسپورٹ کمپنی نے پرانی شاہراہ پر فی الفورکمرشل گاڑیاں بند کردیں جس کے نتیجے میں بژھ پورہ،عمر ہیر،احمد نگرسے ہوتے ہوئے پاندچھ پر رہائش پذیر آبادی کے لئے منزل ومقصود تک پہنچنے کے لئے گوناگوں مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق کم سے کم 15منٹ کے بعد رہائش پذیر وسیع آبادی کو دیکھتے ہوئے گاڑیوں کا انتظام کیاجاناچاہئے۔ اس سلسلے میں جب ایس ایس پی ٹریفک طاہر سلیم خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ"روٹ شروع کرنا اور بند کرنا ریجینل ٹرانسپورٹ آفیسر کے حد اختیار میں ہے پھر بھی اس شاہراہ پر گاڑیاں چلانے کے لیے کوشش کرینگے"کشمیر عظمی نے جب ریجینل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر فاروق احمد سے معاملے کی نسبت پوچھا تو انہوں نے کہا کہ معلومات حاصل کرنے کے بعد روٹ پر کمرشل سروس شروع کی جائینگی۔