راجا ارشاد احمد
گاندربل//صورہ سرینگر سے ملحقہ علاقہ ڈگہ پورہ میں 38 سالہ شہری جمعرات کو پانی کا موٹر پمپ کی مرمت کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے المناک طور پر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ مقامی لوگوں نے اس بارے میں بتایا کہ ڈگہ پورہ صورہ میں گھر میں پانی کے موٹر پمپ کی مرمت کرنے کے دوران برقی رو کا زور دار جھٹکا لگنے سے شہری شدید زخمی ہوگیا جس کی شناخت منظور احمد ٹیپلو ولد غلام محمد کے بطور ہوئی.اسے زخمی حالت میں فوری طور پر میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اس ناگہانی موت نے پورے علاقے کو سوگوار اور غمزدہ کردیا.ادھرمغربی بنگال سے تعلق رکھنے والا 30 سالہ شخص جمعرات کو سرینگر میں پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا، حکام نے اطلاع دی ہے۔ایک سرکاری عہدیدارنے بتایا کہ مذکورہ شخص کو بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا اور فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ کے علاقے کا ہے، جہاں وہ بطور سنار کام کر رہا تھا۔ متوفی کی شناخت پلاب ماجی ولد مانتو ماج، ساکن مغربی بنگال ،عمر 30برس کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔