سرینگر //صورہ سے گاندربل جانے کیلئے 90فٹ الہیٰ باغ سے کمرشل ٹرانسپورٹ نہ چلنے کے باعث لوگوں نے عثمان آباد کے مقام پر رکاوٹیں کھڑی کرکے احتجاجی مظاہرے کئے۔مقامی آبادی کے مطابق گاندربل سے صورہ تک جو گاڑیاں چلتی ہیں وہ 90فٹ شاہراہ سے چلتی ہیں جبکہ صورہ سے گاندربل چلنے والا کمرشل ٹرانسپورٹ پرانی شاہراہ سے ہی چلتا ہے جس کے باعث 90 فٹ پر رہائش پذیر آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گاڑیوں کے نہ چلنے سے طلاب،سرکاری ملازمین، تجارت سے وابستہ افراد کو سخت پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ مظاہرین کاکہنا ہے کہ یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ صورہ سے گاندربل پرانی شاہراہ سے ساری گاڑیاں چلنے سے 90 فٹ پر رہائش پذیر آبادی کیا کرینگے ۔ مظاہرین نے کہاکہ ’ہمارا مطالبہ ہے کہ چند گاڑیاں پرانی شاہراہ سے بھی گزرے اور چند گاڑیاں 90 فٹ سڑک سے چلے اوریہ سلسلہ آنے اور جانی والی گاڑیوں پر لاگو ہو تاکہ کسی بھی شاہراہ پر رہائش پذیر آبادی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے‘۔ اس موقعہ پر ایس ایچ او صورہ نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ معاملہ کو متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں لایا جائیگا جس کے بعد احتجاج ختم کیاگیا۔