سرینگر //صورہ سے گاندربل تک 12 کلومیٹر پرانی شاہراہ کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی میں شدید غم و غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے۔صورہ سے بڑھ پورہ ، عمر ہیر،احمد نگر اور پاندچھ سے ہوتے ہوئے گاندربل جانے والی پہلی اور صدیوں پرانی شاہراہ انتہائی خستہ حالت میں ہے ۔سال 1960 سے لیکر 2008 تک اس شاہراہ کو سرینگر لہہ شاہراہ کا درجہ حاصل تھا کیونکہ اس شاہراہ سے گاندربل،کنگن،صفاپورہ،تولہ مولہ،سونمرگ سمیت کرگل لداخ کی جانب روزانہ سینکڑوں کی تعداد میںگاڑیاں چلتی رہتی تھی جبکہ اس وقت صورہ سے پاندچھ تک اس سڑک کی حالت انتہائی خستہ اور ناکارہ ہوچکی ہے ،جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈ موجود ہیںجبکہ پاندچھ کے مقام پر سڑک کے کنارے پر ہزاروں کنال اراضی کو سیراب کرنے والی کنال کے بنڈ میں دراڑ پڑگئی ہے جس کا سارا پانی سڑک پر بہتہ رہتا ہے۔پاندچھ کے شہری محمد رفیق نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ صورہ سے پاندچھ تک اس سڑک پر ہزاروں افراد کی آبادی رہایش پذیر ہے جو روزانہ سکول،کالج،دفاتر اور کاروبار کے لئے اس شاہراہ پر سفر کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صورہ سے لیکر احمد نگر تک سڑک پر میکڈیم بچھایا گیا لیکن اس سے آگے 3 سے 4 کلومیٹر سڑک ایسے ہی چھوڑ دی گئی جو سراسر زیادتی ہے۔علاقے کے لوگوں نے احمد نگر سے پاندچھ تک سڑک پر میکڈیم بچھانے کی مانگ کی ہے ۔